لیڈز: (ویب ڈیسک) قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ جیت پر اللہ کا شکر گزار ہیں، شائقین نے میچ کے دوران بہت سپورٹ کیا، یہ فتح ہمارے لیے بہت ضروری تھی، عماد وسیم نے بہت اعلیٰ اننگز کھیلی۔
میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پہلی اننگز کے بعد پچ مشکل ہو گئی تھی، یہ کہنا آسان نہیں کہ پچ سیدھی تھی، پہلے بابر اعظم نے شاندار بیٹنگ کی اور سکور کو آگے بڑھایا، اس کے بعد عماد وسیم کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے انہوں نے پریشر ہینڈل کیا اور بہت اعلیٰ باری کھیلی۔
کپتان کا کہنا تھا کہ میچ کے دوران ہمیں پارٹنر شپ چاہیے تھی بد قسمتی ہمارے کھلاڑی آؤٹ جلدی ہوتے رہے، میں بھی رن آؤٹ ہوا تاہم آخر میں وہاب ریاض نے جارحانہ انداز دکھایا جس سے پاکستان نے فتح کو گلے لگایا۔ اس فتح میں باؤلر کا بہت کردار ہے، شاہین شاہ آفریدی نے بہت شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کیا، ان کو بھی کریڈٹ دینا چاہتا ہوں، وہ دن بدن سیکھ رہے اور باؤلنگ میں بہتری لا رہے ہیں۔
سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ بھارت اورانگلینڈ کے درمیان آج کا میچ بہت اہم ہے، اس میچ کو ضرور دیکھیں گے، مجھے یقین ہے کہ اچھا کھیلنے والی ٹیم ہی میچ جیتے گی۔
دوسری طرف افغان ٹیم کے کپتان گلبدین نائب کا کہنا تھا کہ ہم نے میچ میں زبردست فائٹ کی 100 فیصد میچ کھیلے تاہم آخری لمحات میں پاکستان کی ٹیم نے جاندار بیٹنگ کرتے ہوئے فتح ہم سے چھین لی۔ آخری لمحات میں ہم سے کچھ مس فیلڈنگ ہوئی جس کا فائدہ حریف ٹیم کو ہوا۔
ان کا کہنا تھا کہ شاداب خان اور عماد وسیم نے بہت زبردست پارٹنر شپ بنائی، دونوں نے بہترین اننگز کھیلی جو میچ میں فرق ثابت ہوئی، آج کا دن ہمارے لیے برا تھا، حامد حسن بھی زخمی ہوئے اور آخری لمحات میں جا کر جب وکٹ سلو ہوئی تو فائدہ نہ اٹھا سکے۔ محمد نبی، راشد خان اور مجیب الرحمن کو کریڈٹ دیتا ہوں جنہوں نے زبردست باؤلنگ کی اور میچ کو آخری لمحات تک کھینچ کر لائے۔
گلبدین نائب کا کہنا تھا کہ میں گراؤنڈ میں موجود شائقین کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ ہم سیکھ رہے ہیں، مستقبل میں اس ہارسے سیکھیں گے۔ ہماری ٹیم میں کچھ کر دکھانے کی لگن ہے جس کا آج سب نے مظاہرہ دیکھا۔