ورلڈ کپ پوائنٹس ٹیبل پر آسٹریلیا سرفہرست، پاکستان کیلئے اگر مگر کی کہانی برقرار

Last Updated On 28 June,2019 09:45 am

لندن: (دنیا نیوز) ورلڈ کپ پوائنٹس ٹیبل پر آسٹریلیا بارہ پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے۔ بھارت ویسٹ انڈیز کو ہرانے کے بعد دوسرے نمبر پر آ گیا۔ نیوزی لینڈ تیسری پوزیشن پر برا جمان ہے، پاکستان کیلئے اگر مگر کی کہانی اب بھی برقرار ہے۔ افغانستان کو ہرانے کے بعد قومی ٹیم کی پوزیشن مستحکم ہو جائے گی۔

انگلینڈ میں کرکٹ ورلڈ کپ کا میلہ جاری ہے جس کے 34 میچ مکمل ہو گئے، پوائنٹس ٹیبل کے مطابق آسٹریلیا 12 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے۔
بھارت ویسٹ انڈیز کو ہرانے کے بعد تیسرے سے دوسرے نمبر پر آ گیا۔ اس کے 11پوائنٹس ہیں جبکہ نیوزی لینڈ کی تیسری پوزیشن ہے۔

انگلینڈ چوتھے، بنگلہ دیش پانچویں، پاکستان چھٹے، سری لنکا ساتویں نمبر پر ہے۔ ویسٹ انڈیز کی آٹھویں، جنوبی افریقہ نویں اور افغانستان کی دسویں پوزیشن ہے۔

بیٹنگ میں ڈیوڈ وارنر پانچ سو رنز کے ساتھ پہلے اور بولنگ میں مچل سٹارک کا انیس وکٹوں کے ساتھ پہلا نمبر ہے۔ ورلڈ کپ میں پاکستان کیلئے اگر مگر کی کہانی اب بھی برقرار ہے۔ اگر انگلینڈ، بھارت اور نیوزی لینڈ کے خلاف میچ ہار جائے اور نیوزی لینڈ کو بھی دونوں میچوں میں شکست ہو جائے تو پاکستان کی سیمی فائنل میں رسائی آسان ہوجائے گی۔ تاہم قومی ٹیم کو اپنے دونوں میچوں میں اچھے رن ریٹ سے کامیابی حاصل کرنا ہوگی۔