لاہور: (دنیا نیوز) دورۂ انگلینڈ اور ورلڈکپ میں بد ترین ناکامی سمیت کھلاڑیوں کی بے ضابطگیوں کے باوجود ٹیم منیجر نے ’’سب اچھا ہے‘‘ کی رپورٹ جمع کرا دی۔
دنیا نیوز کے مطابق ٹیم منیجر طلعت نے رپورٹ جمع کرائی اس میں اختلافات، سیر سپاٹوں سمیت اندرونی کہانیوں کا ذکر تک نہیں کیا گیا، انگلینڈ میں ہونے والے حالیہ ورلڈ کپ میں قومی کرکٹرز نے نئی خبروں میں رہے جس میں ٹیم کی جیت کم اور کھلاڑیوں کی دیگر سرگرمیاں زیادہ تھیں۔
بھارت جیسے اہم میچ سے پہلے کھلاڑیوں کا شیشہ کیفے جانا، کرفیو کو توڑ کر آزادانہ کھلاڑیوں کے مالز پر سیر سپاٹے، مداحوں کے ساتھ گھومنا پھرنا، روایتی حریف سے ہار کے بعد کپتان سرفراز کا کھلاڑیوں کو ڈانٹنا اور گروپ بندی جیسے مسائل کا رپورٹ میں ذکر نہیں کیا گیا۔
ٹیم منیجر طلعت علی نے الٹا رپورٹ میں "سب اچھا ہے" کے مصداق لکھا کہ انگلینڈ میں قومی ٹیم کا ڈسپلن مثالی رہا، آن اور آف دی فیلڈ کھلاڑیوں نے بہترین رویے کا مظاہرہ کیا، پورے ٹور میں کسی قسم کا کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔
یاد رہے کہ ہر بیرون ملک دورے کے بعد منیجر، کوچ اور کپتان کی جانب سے رپورٹ جمع کرائی جاتی ہے جس میں مثبت اور منفی دونوں پہلوؤں کو اجاگر کیا جاتا ہے تا کہ آئندہ کا لائحہ عمل بنایا جا سکے۔