لاہور: (علی مصطفی) قومی ٹیم کے نوجوان بیٹسمین بابر اعظم 2019ء میں زیادہ اوسط سے رنز بنانے والے دوسرے بیٹسمین بن گئے پہلے پر کیویز کپتان کین ولیمسن براجمان ہیں۔
کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق رواں سال پاکستانی رنز مشین بابر اعظم کے لیے بہت ہی شاندار رہا۔ انہوں نے 2019ء میں 18 ون ڈے کھیلے، بیٹسمین نے 59.12 کی ایوریج سے 946 رنز بنائے ہیں۔ رواں سال زیادہ رنز بنانے والے بیٹسمینوں کی فہرست میں بابر اعظم چھٹے نمبر پر ہیں۔ انہوں نے اس دوران 2 سنچریاں اور 6 نصف سنچریاں بنائیں اس دوران وہ دو مرتبہ ناٹ آؤٹ بھی رہے۔
یاد رہے کہ ورلڈکپ 2019 میں شاندار کارکردگی کی بدولت بابر اعظم نے کیریئر کی بہترین رینکنگ پر پہنچ گئے ہیں، وہ آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں ویرات کوہلی اور روہت شرما کے بعد تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔
کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق کیویز کپتان کین ولیمسن 2019 میں 20 میچ کھیل کر 2 سنچریوں اور 6 نصف سنچریوں کی بدولت 59.25 کی ایوریج سے 948 رنز بنا کر سب سے آگے ہیں۔ روہت شرما نے 22 میچوں کی 22 اننگز میں 1204 رنز بنائے ہیں اس میں 5 نصف سنچریاں اور 6 تھری فیگر اننگز شامل ہیں۔
کینگروز کپتان ارون فنچ 23 میچوں کی 23 اننگز میں 51.86 کی ایوریج سے 1141 رنز بنا چکے ہیں، انہوں نے 4 سنچریاں اور 6 نصف سنچریاں بنائی ہیں۔ عثمان خواجہ 22 میچوں میں 1085 رنز بنا چکے ہیں، رواں سال 8 نصف سنچریاں اور دو سنچریاں بنا چکے ہیں۔
بھارتی کپتان ویرات کوہلی 20 میچوں میں 1054 سکور بنا چکے ہیں، ان میچوں میں انہوں نے 3 تھری فیگر اننگز اور 6 نصف سنچریاں بنائی ہیں۔ اس دوران ان کی ایوریج 55.47 رہی۔ نیوزی لینڈ کے روز ٹیلر 21 میچوں کی 20 اننگز میں 943 رنز بنا چکے ہیں، 55.47 کی اوسط کیساتھ زیادہ رنز بنانے والوں میں ساتویں نمبر پر ہیں۔ سابق کیویز کپتان نے 1 سنچری اور 7 نصف سنچریاں بنائیں۔