لاہور: (علی مصطفی) انگلینڈ کرکٹ ٹیم کو ورلڈکپ جتوانے میں غیر ملکی ’’امداد‘‘ نے بڑا کردار ادا کیا۔ ٹورنامنٹ کے چار اہم کھلاڑیوں نے شاندار کارکردگی دکھا کر ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا جو انگلینڈ میں پیدا بھی نہیں ہوئے۔
نیوزی لینڈ ہی میں پیدا ہونے والے بین سٹوکس نے اپنے ہی ملک پر بجلیاں گرا دیں، کیویز کے عالمی چیمپئن بننے کے ارمانوں پر پانی پھیر کر ٹائٹل انگلینڈ کو جتوایا۔ ٹیم کو ورلڈکپ جتوانے والے بین سٹوکس نے فیصلہ کن معرکے میں شاندار بیٹنگ کی اور ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرایا، اس دوران کافی نروس بھی دکھائی دیئے تاہم آخری لمحات تک فتح گر اننگز کھیل کر میزبان ٹیم کو عالمی چیمپئن بنوایا۔ فائنل میں انہوں نے 84 رنز کی۔ انہوں نے آخری دس اننگز میں 4 نصف سنچریاں بنائیں۔ آل راؤنڈر 4 جون 1991ء کو نیوزی لینڈ کے شہر کرائسسٹ چرچ میں پیدا ہوئے تھے تاہم کرکٹ کا جنون انہیں انگلینڈ کھینچ لایا اور ورلڈکپ کا ٹائٹل انگلینڈ کو جتوایا۔
فائنل میں جیت کے دوسرے اہم کردار جوفرا آرچر کا ہے جو یکم اپریل 1995ء کو بارباڈوس کے علاقے برج ٹاؤن میں پیدا ہوئے، انہوں نے فائنل میں سپر اوور کرایا اور 16 رنز کا دفاع کر کے جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ اس سے قبل پہلی اننگز میں انہوں نے 10 اوورز میں 42 رنز دے کر 1 وکٹ حاصل کی تھی۔
تیسرے پلیئر جیسن روئے جنہوں نے پورے ٹورنامنٹ کے دوران اہم اننگز کھیلیں کا تعلق بھی انگلینڈ سے نہیں وہ 21 جولائی 1990 ء کو جنوبی افریقہ کے شہر ڈربن میں پیدا ہوئے، 2008ء سے آج تک انگلش کاؤنٹی سرے کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ انہوں نے آخری 10 اننگز میں 5 نصف سنچریاں اور ایک تھری فیگر اننگز کھیلی۔
آخر میں انگلش ٹیم کے کپتان آئن مورگن 10 ستمبر 1986ء کو آئر لینڈ کے شہر ڈبلن میں پیدا ہوئے، 5 اگست 2006ء کو آئر لینڈ کی طرف سے کرکٹ کا آغاز کیا تاہم جلد ہی آئرش ٹیم کو چھوڑ کر انگلینڈ کی طرف سے کھیلنا شروع کیا اور 2015ء کے عالمی کپ کے بعد انہیں انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم کا کپتان بنایا گیا اور ان چار سال کے دوران انگلش کرکٹ کا سٹائل بھی بدل ڈالا اور ٹیم کو فتح کی ٹریک پر بھی لائے اور عالمی کپ جتوانے میں اہم کردار بھی ادا کیا۔
فائنل میچ اللہ نے جتوایا: آئن مورگن
England Captain Eoin Morgan: "We had Allah with us"#CWC19Final #CWC19 pic.twitter.com/7CfMFX4WIo
— IlmFeed (@IlmFeed) July 14, 2019
میچ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے آئن مورگن کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف ورلڈ کپ فائنل میں اللہ ہمارے ساتھ تھا۔ ان سے سوال ہوا کہ کیا آئرش لڑکے کی قسمت نے ورلڈ کپ جیتنے میں کوئی کردار ادا کیا تو مورگن نے خوبصورت جواب دیتے ہوئے کہ عادل رشید سے بات ہوئی تھی جن کا کہنا تھا کہ آج اللہ ہمارے ساتھ ہے تو آج اللہ ہمارے ساتھ تھا، اس انگلش ٹیم کی خوبصورتی یہی ہے کہ اس میں ہر رنگ اور نسل کے کھلاڑی یکجا ہوکر کھیل رہے ہیں ۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ آئی سی سی کی جانب سے بنائے گئے قوانین کا کھلاڑی کا کوئی کنٹرول نہیں ہوتا، یہ بیان اس وقت سامنے آیا جب آئی سی سی پر فائنل میچ کے نتائج کے بعد سوشل میڈیا سمیت دنیا بھر میں تنقید کی جا رہی تھی۔