ایم ایس دھونی کا رن آؤٹ ٹرننگ پوائنٹ ثابت ہوا: کین ولیمسن

Last Updated On 12 July,2019 03:30 pm

مانچسٹر: (ویب ڈیسک) نیوزی لینڈ ٹیم کے کپتان کین ولیمسن کا کہنا ہے کہ بھارت کیساتھ سیمی فائنل بہت شاندار رہا، ٹیم کی کارکردگی بہت اچھی تھی، پچ بہت ہی مشکل تھی جہاں رنز کرنا دشوار ہو رہا تھا۔

میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ دونوں ٹیمیں سوچ رہی تھیں کہ میچ ہائی سکوررنگ ہو گا لیکن بارش کی وجہ سے پچ کے انداز بدل گئے جس کے بعد ہم امید کر رہے تھے کہ اگر 240 رنز بنا لیتے ہیں تو حریف ٹیم کو پریشر میں لے آئیں گے جس میں ہم کامیاب ہوئے۔ میچ کے دوران ہر کھلاڑی نے اپنا کردار ادا کیا جس پر بہت خوش ہوں۔

ولیمسن کا مزید کہنا تھا کہ بھارتی بیٹنگ کے دوران باؤلرز کو ہدایت کی تھی کہ لائن اینڈ لینتھ پر گیند کریں جس کا ہمیں بہت فائدہ ہوا، روینڈرا جڈیجا اور ایم ایس دھونی کی پارٹنر شپ کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے یہ شراکت داری جاری رہتی تھی تو کوئی شک نہیں تھا کہ بھارتی ٹیم فائنل تک رسائی حاصل کر سکتی آخری لمحات میں ہمارے فیلڈرز اور باؤلنگ نے جانی ماری جس کا نتیجہ ہماری فتح کی صورت میں نکلا۔ دھونی کا رن آؤٹ ٹرننگ پوائنٹ ثابت ہوا۔

کیویز کپتان کا کہنا تھا کہ دو دن جاری رہنے والے میچ میں زبردست مقابلہ دیکھنے کو ملا۔ ٹورنامنٹ کے فائنل میں کچھ بھی ہو سکتا ہے۔ تیاری کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔


پہلے چار اوورز میں بڑی وکٹیں گرنے سے نقصان ہوا: کوہلی

بھارتی ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی کا کہنا ہے کہ پہلے سیمی فائنل کے دوران نیوزی لینڈ کی ٹیم نے شاندار کارکردگی دکھائی جس کے باعث فتح حریف ٹیم کے پاس چلی گئی۔ بارش کے بعد آج پہلے ہاف ہمارے حق میں تھا، پہلے چار اوورز میں بڑی وکٹیں گرنے سے نقصان ہوا۔ باؤلنگ سے جو حاصل کرنا تھا کر لیا تاہم بیٹنگ دغا دے گئی۔

میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بارش کی وجہ سے گیند آج زیادہ سوئنگ ہو رہی تھی وکٹ سپنرز کیلئے بھی سازگار تھی، جس کی مثال نیوزی لینڈ کے سپنر مچل سینٹر تھے جنہوں نے پہلے 6 اوورز میں صرف سات رنز دیئے تھے اس دوران روینڈرا جڈیجا نے بہت اعلیٰ اننگز کھیلی، بدقسمتی سے ہم فتح حاصل نہ کر سکے۔ ایم ایس دھونی کے ساتھ پارٹنر شپ نے ڈریسنگ روم میں حوصلے بڑھائے تھے۔

بھارتی کپتان کا کہنا تھا کہ وکٹ کیپر بیٹسمین ایم ایس دھونی کا رن آؤٹ ٹرننگ پوائنٹ تھا، بیٹنگ کے دوران پہلے چار اوورز جس میں بڑی وکٹیں گر گئیں بھی ہمارے لیے نقصان دہ ثابت ہوئی۔ کیویز فتح کے حقدار تھے، ہم نے پورے ایونٹ کے دوران اچھی کرکٹ کھیلی تاہم ولیمسن الیون نے بہت جاندار اور اچھی کرکٹ کھیلی۔

یقین تھا بھارتی ٹیم کو جلد آؤٹ کر سکتے ہیں: میٹ ہینری

مین آف دی میچ حاصل کرنے والے میٹ ہینری کا کہنا تھا کہ ٹارگٹ دینے کے بعد ٹیم مینجمنٹ نے فیصلہ کیا تھا کہ ہم صرف بہتر کرکٹ کھیلیں گے جس کا نتیجہ ہماری جیت کی صورت میں سامنے آیا، پہلے چار اوورز کے دوران بھارتی ٹیم کو پریشر میں لے آئے جس کا فائدہ آخری لمحات تک ہمیں ملا۔ ہمیں یقین اپنی باؤلنگ پر یقین تھا کہ ہم انہیں جلد آؤٹ کر سکتے ہیں۔

فاسٹ باؤلر کا کہنا تھا کہ ہر دیک پانڈیا، روینڈرا جڈیجا اور دھونی کی نے بہت عمدہ باری کھیلی تاہم میچ میں کسی ایک نے ہارنا ہوتا اور کسی ایک نے جیتنا ہوتا ہے۔ میں میچ کے دوران حمایت کرنے پر نیوزی لینڈ کے شائقین سمیت دیگر کا شکریہ ادا کرتا ہوں جس کی وجہ سے دلچسپ مقابلہ دیکھنے کو ملا۔
 

Advertisement