آسٹریلوی ٹیم کو دھچکا، عثمان خواجہ، مارکس سٹونز ورلڈکپ سے آؤٹ

Last Updated On 10 July,2019 01:24 pm

لندن: (ویب ڈیسک) ورلڈکپ کے سیمی فائنل سے قبل آسٹریلوی ٹیم کو بڑا دھچکا لگ گیا، میگا ایونٹ کے دوران شان مارش کے بعد بلے باز عثمان خواجہ اور آل راؤنڈر مارکس سٹونز انجری مسائل کے باعث رواں ورلڈ کپ کے بقیہ میچز سے باہر ہو گئے۔ عثمان خواجہ پروٹیز کے خلاف میچ کے دوران ہیمسٹرنگ انجری میں مبتلا ہوئے تھے۔

برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق آسٹریلوی ٹیم مینجمنٹ نے عثمان خواجہ کے ان فٹ ہونے کے بعد وکٹ کیپر بیٹسمین میتھیو ویڈ کو کوراپ کے طور پر پہلے ہی طلب کر رکھا ہے جس کے لیے انہیں سکواڈ میں شامل کرنے کے لیے آئی سی سی سے درخواست دی جائے گی۔

اُدھر آسٹریلوی کوچ جسٹن لینگر کا کہنا ہے کہ ڈاکٹرز نے سکین کی رپورٹ آنے کے بعد عثمان خواجہ کو ایک ماہ تک مکمل آرام کا مشورہ دیا ہے اسلئے وہ بدقسمتی سے ورلڈ کپ کے بقیہ میچز میں ٹیم کو دستیاب نہیں ہوں گے۔

جسٹن لینگر کا مزید کہنا ہے کہ ہمیں پوری امید ہے کہ انگلینڈ کے خلاف شیڈول ایشز سیریز سے قبل سو فیصد فٹ ہو جائیں گے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل شان مارش بھی انجری کے باعث ایونٹ سے باہر ہو چکے ہیں۔ میتھیو ویڈ اس وقت بھرپور فارم میں ہیں ان کی ٹیم میں شمولیت سے پلینگ الیون مضبوط ہو گی۔

دوسری طرف کینگروز کے لیے ایک اور مشکلات سر اٹھا رہی ہے، آل راؤنڈر مارکس سٹونز کے بھی سیمی فائنل میچ کھیلنے کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں۔ انہیں سائیڈ سٹرین کی انجری ہے۔

برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق اگر مارکس سٹونز سیمی فائنل مرحلے کا میچ نہیں کھیلتے تو ٹیم مینجمنٹ کی طرف سے آئی سی سی کو درخواست کی گئی ہے کہ مچل مارش کو ٹیم میں شامل کیا جائے۔