ورلڈکپ، جنوبی افریقہ نے آسٹریلیا اور بھارت نے سری لنکا کو ہرا دیا

Last Updated On 07 July,2019 11:27 pm

لاہور: (دنیا نیوز) ورلڈکپ میں جنوبی افریقہ کا آخری لیگ میچ یادگار بن گیا، دفاعی چیمپئن آسٹریلیا کو دس رنز سے ہرا دیا جبکہ بھارت نے سری لنکا کو سات وکٹ سے شکست دے دی، روہت شرما نے ریکارڈ پانچویں سنچری جڑ دی۔

مانچسٹر میں دفاعی چیمپئن آسٹریلیا کا جنوبی افریقہ سے مقابلہ، یکطرفہ سمجھے جانے والا میچ سنسنی خیز بن گیا۔ پروٹیز نے کینگروز کے خلاف تین سو پچیس رنز جوڑے، فف ڈوپلیسز نے تگڑا سنکڑہ جڑا۔

نروس نائنٹی کا شکار نوجوان بیٹسمین وین ڈر ڈسن نے شاندار پچانوے رنز بنائے، جواب میں بپھرے آسٹریلین لاجواب نظر آئے، کپتان فِنچ تین رنز پر آؤٹ، ڈیوڈ وارنر کے ایک سو بائیس رنز کے باوجود پوری ٹیم ایک گیند پہلے تین سو پندرہ رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ آخری بڑی جیت کے ساتھ افریقی ٹیم کو ساتواں نمبر مل گیا۔
دوسرے میچ میں بھارت نے روہت شرما کی ریکارڈ پانچویں سنچری کی بدولت سات وکٹ سے ہرا دیا۔ دو سو پینسٹھ رنز کا لنکن ہدف کوہلی الیون نے چوالیسویں اوور میں پورا کر دیا، بڑی کامیابی سے بھارتی ٹیم نمبر ون بن گئی۔