لاہور: (دنیا نیوز) ورلڈکپ کیلئے سب سے پہلے لندن پہنچنے والے قومی کرکٹرز نے پانچویں پوزیشن کے ساتھ وطن واپسی میں پہل کر لی، کراچی پہنچنے والے کپتان سرفراز احمد آج اہم پریس کانفرنس کریں گے، ون ڈے سے ریٹائر شعیب ملک اور کچھ کھلاڑیوں سمیت کوچنگ سٹاف چند روز بعد پاکستان آئیں گے۔
انگلینڈ میں کرکٹ میلہ جاری، سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر قومی کھلاڑیوں کی وطن واپسی ہو گئی، کراچی سے تعلق رکھنے والے محمد حسنین اور کپتان سرفراز احمد واپس پہنچ گئے۔ نوجوان فاسٹ بولر کی ویڈیو نہ بنانے کی دہائی، کپتان نے بھی پکڑائی نہ دی، آج پریس کانفرنس میں کھل کے بات کرنے کی یقین دہانی کرا دی۔
لاہور والے کھلاڑیوں کی غیر ملکی پرواز ای کے 622 کے ذریعے آمد ہوئی،
ریکارڈ ہولڈر بلے باز بابر اعظم، اوپنر امام الحق، آصف علی اور فاسٹ بولر حسن علی بھی زندہ دلان کے شہر پہنچے۔ شاداب خان اور عماد وسيم کل راولپنڈی ميں ميڈيا بریفنگ دیں گے۔
بابراعظم اور امام الحق 9 جولائی کو لاہور ميں پریس کانفرنس کریں گے، ون ڈے کرکٹ سے ریٹائر شعيب ملک، وہاب ریاض، محمد حفيظ اور محمد عامر قومی کرکٹ ٹیم کے ساتھ واپس نہیں آئے۔
کرکٹ ٹیم کوچنگ سٹاف اور مينجر بھی بعد ميں پاکستان آئيں گے۔ ٹیم کے ساتھ نہ آنے والے سٹاف میں مینیجر طلعت علی، کوچ مکی آرتھر، بائولنگ کوچ اظہر محمود اور بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور شامل ہیں۔
ورلڈکپ سے وطن واپسی میں پہل کرنے والی قومی ٹیم سب سے پہلے تئیس اپریل کو گوروں کے دیس پہنچی تھی۔