بھارت سری لنکا میچ: کشمیریوں پر ظلم کیخلاف بینر لہرا دیئے گئے

Last Updated On 06 July,2019 09:24 pm

لیڈز: (ویب ڈیسک) ورلڈ کپ میں بھارت اور سری لنکا کے میچ کے دوران فضا میں مقبوضہ کشمیر میں قتل عام اور آزادی کے حق میں بینرز لہرا دیئے گئے۔

خبر رساں ادارے کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں تین دہائیوں سے بھارتی فوج کی ریاستی دہشتگردی جاری ہے جس کے نتیجے میں ہزاروں کی تعداد میں نوجوان، بزرگ و دیگر شہید ہو چکے ہیں۔

دوسری طرف لیڈز میں بھارت اور لنکن ٹائیگر کے درمیان جاری میچ کے دوران فضا میں جہاز کے ذریعے بینرز لہرائے گئے جس میں  کشمیر کیلئے انصاف ،  کشمیر میں نسل کشی  اور  آزادی کشمیر  کے نعرے درج تھے۔

انٹرنیشنل کرکٹ نے مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم آئی سی سی ورلڈ کپ میں کسی بھی قسم کے سیاسی پیغام کو ہرگز نظرانداز نہیں کریں گے۔ کھیل کی عالمی گورننگ باڈی نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ پورے ٹورنامنٹ کے دوران ہم مقامی پولیس کے ساتھ مل کر کام کرتے رہے تاکہ اس طرح کے احتجاج کو روک سکیں، ہمیں یقین دہانی کرائی گئی تھی کہ ایسا نہیں ہوگا لیکن ایسا ہونے پر شدید مایوسی ہوئی۔

یاد رہے کہ ورلڈ کپ میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان میچ میں دونوں ممالک کے شائقین کے درمیان جھگڑوں کی اطلاعات سامنے آئی تھیں اور افغان تماشائیوں نے پاکستانی شائقین کو بری طرح زدوکوب کیا تھا۔