لیڈز: (ویب ڈیسک) روہت شرما عالمی کپ میں ایک ایونٹ کے دوران پانچ سنچریاں بنانے والے پہلے بیٹسمین بن گئے، اس سے قبل یہ اعزاز سری لنکا کے کمارا سنگاکارا کے پاس تھا جنہوں نے 2015ء کے عالمی ایونٹ کے دوران 7 میچوں میں 4 سنچریاں بنائی تھیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 1996ء میں مارک وا 7 میچوں میں تین تھری فیگر اننگز کھیل چکے ہیں، 2007ء میں میتھیو ہیڈن نے بھی 3 سنچریاں بنائی تھیں جبکہ 2003ء میں بھارت کے ایک اور بیٹسمین سارو گنگولی نے 11 میچوں میں 3 بار سنچری سکور کی تھیں۔
روہت شرما عالمی کپ کے دوران 6 سنچریاں بنا کر ہم وطن سچن ٹنڈولکر کے ساتھ ہو گئے ہیں، سابق لیجنڈز اوپنر نے بھی عالمی کپ میں 6 تھری فیگر اننگز کھیلی ہیں۔
ایک ورلڈکپ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ بھی بھارتی سابق کھلاڑی سچن ٹنڈولکر کے پاس ہے جنہوں نے 2003ء کے دوران 11 میچوں میں 673 رنز بنا رکھے ہیں، میتھیو ہیڈن 2007ء کے عالمی کپ میں 659 رنز بنا چکے ہیں، سری لنکن جے وردھنے نے 2007ء کے عالمی کپ میں 548 رنز بنائے تھے۔