لندن: (دنیا نیوز) ورلڈ کپ میں پہلے سیمی فائنل میں بارش نے کھیل کا مزہ کرکرا کر دیا، بھارت کے خلاف نیوزی لینڈ 211 رنز 5 کھلاڑی آؤٹ سے آج اپنی نامکمل اننگز شروع کرے گا، میچ مکمل نہ ہونے کی صورت میں کوہلی الیون کو فائنل کا ٹکٹ مل جائے گا۔
ورلڈکپ، بارش سے متاثرہ پہلے سیمی فائنل کی نامکمل اننگز آج شیڈول ہیں،مانچسٹر میں ورلڈکپ کا پہلا سیمی فائنل کرکٹ کم اور بارش زیادہ ہوئی۔ خراب موسم نے سارا موڈ ہی خراب کر دیا، ملتوی میچ میں آج کیویز بھارت کے خلاف اپنی ادھوری اننگز شروع کریں گے۔ آج کے اضافی دن بھی کھیل دوپہر ڈھائی بجے ہی شروع ہو گا۔
گذشتہ روز پہلے بیٹنگ کرنے والے بلیک کیپس کا انتہائی سست اور مایوس کن آغاز رہا، پہلے دونوں اوور میڈن ہوئے، ایک رن پر پہلی وکٹ گر گئی۔ وکٹوں کی جھڑی لگی رہی، مارٹن گپٹل ایک، نکولس ہینری 28، جمی نیشم 12 اور گرینڈ ہوم 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ مشکل پچ پر بھارتیوں کی نپی تلی بولنگ، کین ولیمسن نے سڑسٹھ رنز کی کیپٹن اننگز کھیلی۔
طوفانی بولنگ کے بعد بادل برسنے لگے، پھر بارش ہوئی، کرکٹ روک دی گئی۔ چھیالیس اعشاریہ ایک اوور میں کیویز کے دو سو گیارہ رنز پانچ کھلاڑی آؤٹ تھے، روس ٹیلر سڑسٹھ اور ٹام لیتھم تین رنز سے اِن ایکشن ہوں گے۔ آج بھی اگر میچ مکمل نہ ہو سکا تو لیگ مرحلے میں پندرہ پوائنٹ کے ساتھ سرفہرست کوہلی الیون فائنل کیلئے کوالیفائی کرلے گی، کیویز گیارہ پوائنٹ کے ساتھ چوتھے نمبر پر تھے۔
سپر میگا ایونٹ کا دوسرا سیمی فائنل روایتی حریف انگلینڈ اور آسٹریلیا کل مدمقابل ہوں گے، دفاعی چیمپئن کینگروز اور میزبان ٹیم نے بھی فائنل تک رسائی کی تیاریاں مکمل کر لیں۔