اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈرز شاداب خان اور عماد وسیم نے قومی ٹیم میں گروپ بندی کی خبروں کو بے بنیاد قرار دیدیا۔
اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے عماد وسیم کا کہنا تھا کہ قومی کھلاڑی پاکستان کے لیے کھیلتے ہیں۔ سرفرازاورمیرے اچھے تعلقات ہیں۔ گروپ بندی کی باتیں محض افواہیں ہیں۔ اگر ٹیم میں گروپ بندی ہوتی تو میں نہ کھیلتا، ورلڈکپ نہ جیتنے پرکوئی کھلاڑی خوش نہیں ہے۔
پریس کانفرنس کے دوران آل راؤنڈر نے کپتانی سے متعلق سوال کو ہنس کر ٹال دیا۔ وزیراعظم کی طرف سے پیغام کے حوالے سے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ مجھے کوئی پیغام نہیں آیا تھا، ایونٹ میں جانے سے پہلے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات ہوئی تھی، ان کا کرکٹ کے حوالے سے بہت بڑا ویژن ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ غیرملکی کھلاڑی اب سپنرز کو بہت اچھا کھیلتے ہیں۔ ہمارے سپنزز کی میگا ایونٹ میں کارکردگی اچھی رہی۔ بدقسمتی سے رن ریٹ کیوجہ سے نقصان اٹھانا پڑا۔ بھارت سے شکست کے بعد بہت پریشرتھا۔ میگا ایونٹ نہ جیتنے پر کوئی بھی کھلاڑی خوش نہیں ہے۔
عماد وسیم کا مزید کہنا تھا کہ اگر پاکستان ورلڈکپ جیت جاتا تو اپنی کارکردگی سے خوش ہوتا۔ کپتان سرفراز اور کوچ مکی آرتھر سے کیے جانے والے سوالات مجھ سے نہ کیے جائیں۔ بھارت اور پاکستان کے میچ کو جنگ نہیں بنانا چاہیے۔ ہمیں سمجھنا ہو گا کہ روایتی حریفوں کے درمیان میچ جنگ نہیں بلکہ کھیل کا ایک حصہ ہے۔
اس دوران سپنر شاداب خان کا کہنا تھا کہ ورلڈکپ میں ٹیم کی پرفارمنس اچھی رہی۔ بدقسمتی سے ہم سیمی فائنل میں نہ داخل ہو سکے تاہم ٹیم کی کارکردگی سے مطمئن ہیں۔ ٹیم میں گروپ بندی کی خبریں صرف افواہیں ہیں۔