شاہد آفریدی کی ویرات کوہلی کو ایک اور ریکارڈ بنانے پر مبارکباد

Last Updated On 20 September,2019 03:46 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے بھارتی کپتان ویرات کوہلی کو ٹی ٹونٹی میں عالمی ریکارڈ بنانے پر مبارکباد دی ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی بیٹسمین دنیا بھر میں اپنے مداحوں کو بیٹنگ سے محظوظ کر رہے ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز ساؤتھ افریقہ کیساتھ کرکٹ میچ میں بھارتی کپتان ویرات کوہلی نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 52 گیندوں پر 72 رنز کی باری کھیلی اور ٹی ٹونٹی کرکٹ میں زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ اپنے گلے لگا لیا ہے۔ یہ میچ بھارتی شہر موہالی میں کھیلا گیا تھا۔

ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے سابق پاکستانی آل راؤنڈر کا کہنا تھا کہ میں ریکارڈ بنانے پر ویرات کوہلی کو مبارکباد دیتا ہوں، بے شک آپ بہت بڑے کھلای ہیں، آپ کی مزید کامیابی کا خواہشمند ہوں۔ اسی طرح رنز بنا کر دنیا کواپنی بیٹنگ سے محظوظ کرتے رہیں۔

 

یاد رہے کہ ٹی ٹونٹی میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ ویرات کوہلی کے پاس آ گیا ہے جنہوں نے 2441 رنز بنا رکھے ہیں جبکہ بھارت کے ہی سینئر بیٹسمین روہت شرما 2434 رنز بنا کر ان کے قریب ہیں۔

واضح رہے کہ ویرات کوہلی دنیا کے واحد بیٹسمین ہیں جنہوں نے تینوں فارمیٹ کی کرکٹ میں 50 سے زائد رنز کی ایوریج کیساتھ سرفہرست ہیں۔

کراچی میں کینسرکے مریض بچے سے ملاقات کے بعد گفتگو کرتے ہوئے شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ موجودہ ٹیم کے کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق کو بہت بڑی ذمہ داری ملی ہے۔ میرے نزدیک مصباح الحق کو ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر کی ذمہ داری ملنا بہت بڑا چیلنج ہے۔ میں انہیں جانتا ہوں محنتی شخص ہے، 24 گھنٹے کام کرتا ہے۔

سابق کپتان کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ میں راولپنڈی ایکسپریس کہلانے والے شعیب اختر، سابق بیٹسمین محمد یوسف اور رنز کے انبار لگانے والے یونس خان کو انڈر 19 کی ذمہ داریاں دینی چاہیں۔

شاہد آفریدی کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان نے سری لنکا کو ہمیشہ سپورٹ کیا، سکیورٹی کی صورتحال کا کوئی ایشو نہیں انہیںیہاں کر لازمی کھیلنا چاہیے، میں بہت اچھے سے سمجھتا ہوں لنکن پلیئرز پر آئی پی ایل کی جانب سے بڑا دباؤ ہے۔

سابق آل راؤنڈر کا مزید کہنا تھا کہ تینوں فارمیٹ کو لے کر چلنا مشکل ہے، میری ذاتی رائے میں ون ڈے اور ٹی ٹونٹی کے کپتان سرفراز احمد کو ٹیسٹ کی کپتانی چھوڑ دینی چاہیے۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا مزید کہنا تھا کہ میں ہمسایہ ملک بھارت میں بہت زیادہ کرکٹ کھیل چکا ہوں، وہاں پر سب نے مجھے عزت دی ہے لیکن بھارت کے موجودہ وزیراعظم نریندر مودی کی سوچ بہت بری ہے، ان کی حرکتیں منفی ہیں۔