سری لنکا کیخلاف سیریز: ممکنہ 20 کھلاڑیوں کے کیمپ کا آج سے آغاز

Last Updated On 18 September,2019 11:11 am

لاہور: (دنیا نیوز) سری لنکا کے خلاف سیریز کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کے ممکنہ کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ آج سے لاہور میں شروع ہوگا۔

کم بیک کرنے والے عمر اکمل اور احمد شہزاد سمیت 20 ممکنہ کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ قذافی سٹیڈیم میں لگے گا۔ فزیکل ٹریننگ کے بعد سہ پہر 3 بجے سے نیٹ پریکٹس شروع ہو گی جس میں قومی کرکٹر بولنگ اور بیٹنگ سمیت فیلڈنگ پر پسینہ بہائیں گے۔

21 ستمبر تک جاری رہنے والے اس تربیتی سیشن کی سرپرستی نو منتخب چیف سلیکٹر و ہیڈ کوچ مصباح الحق سمیت بولنگ کوچ وقار یونس کریں گے۔ نئی ذمہ داریوں کے ساتھ اِن ایکشن دونوں سابق کپتانوں کے لیے سری لنکا سے ہوم سیریز پہلا امتحان قرار دیا جا رہا ہے۔

ہفتے کو مصباح الحق صبح ساڑھے 11 بجے قومی ایک روزہ اور ٹی 20 کرکٹ ٹیموں کا حتمی اعلان کریں گے جبکہ سیریز 27 ستمبر سے شروع ہو گی۔