لاہور: (ویب ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر وہاب ریاض ٹیسٹ کرکٹ چھوڑنے پر گوں مگوں کا شکار ہو گئے، ایک روز قبل ٹیسٹ کرکٹ چھوڑنے والے باؤلر نے فٹنس بہتر ہونے پر دوبارہ ریڈ بال کرکٹ کھیلنے کا اشارہ دیدیا۔
ان کا کہنا تھا کہ پرفارمنس نہ ہونے کی وجہ سے ٹیسٹ کرکٹ کو چھوڑنے کا فیصلہ کیا۔ میں آج جو بھی ہوں، اپنے ملک کی وجہ سے ہوں، ماضی قریب میں زیادہ پرفارمنس نہ دکھا سکا، اس لئے ٹیسٹ کرکٹ کو چھوڑنے کا فیصلہ کیا تھا۔ ریڈ کی نسبت وائٹ بال میں میری کارکردگی بہتری ہے۔
فاسٹ باؤلر کا کہنا تھا کہ جب مناسب سمجھا ٹیسٹ کرکٹ کے لئے بہتر ہوں، طویل طرز کی کرکٹ میں واپس آ جاؤں گا، فاسٹ باؤلر محمد عامر کا اپنا فیصلہ تھا اس پر بات نہیں کرنا چاہتا۔
وہاب ریاض کا کہنا تھا کہ اولین ترجیح پاکستان ہے، میرا معاہدہ سی پی ایل کے ساتھ تھا لیکن پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سے این او سی ملنے کے باوجود اس لیگ میں نہ گیا-
ان کا کہنا تھا کہ میں نے یہ بھی دیکھنا ہے کہ میری باڈی تینوں طرز کی کرکٹ کا بوجھ اٹھا بھی سکتی ہے یا نہیں، میں نہیں چاہتا کہ 130 پر گیند کر کے ٹیم پر ہی بوجھ بن جاؤں جبکہ پی سی بی نے مجھے بہت سپورٹ کیا۔ میں 30 سال سے اوپر ہوں، باقی بولرز تیس سال سے کم ہیں، ان کے پاس ٹیسٹ کرکٹ چھوڑنے کا جواز کم ہے۔