ٹی ٹونٹی، ون ڈے میں قومی ٹیم کے کپتان عہدہ بچانے میں ’’سرفراز‘‘

Last Updated On 13 September,2019 08:24 pm

لاہور: (دنیا نیوز) چیئر مین پی سی بی احسان مانی کا کہنا ہے کہ پاک سری لنکن سیریز میں سرفراز احمد کپتان رہیں گے، بابر اعظم وائس کپتان ہوں گے۔ بیٹنگ کوچ مصباح الحق ہونگے۔ ضرورت پڑی تو بعد میں فیصلہ کریں گے۔

احسان مانی کا کہنا تھا کہ بابر اعظم کو صرف وائس کپتان سری لنکن دورہ کے لیے بنایا ہے۔ ان میں پوٹینشل ہے اور دنیا کے بہترین بیٹسمین بن رہے ہیں۔ سری لنکا کے ساتھ میچز پاکستان میں ہوں گے، ہمارے پاس ٹائم نہیں کہیں اور بندوبست کریں، ایک ہفتے پہلے کہیں سیریز اور جگہ منتقل نہیں کر سکتے، شروع سے ہی بات ہوئی ہے سب ملکوں سے کہ پاکستان ہمارا ’’ہوم وینیو‘‘ ہے۔ امید ہے ٹیم پاکستان آئے گی۔

چیئر مین پی سی بی کا کہنا ہے کہ منیجر کا فیصلہ کر لیا ہے، ایک دو روز میں اعلان ہو جائے گا، بیٹنگ کوچ بھی مصباح الحق ہونگے، ریڈ بال کرکٹ کے لیے ٹیم نے آسٹریلیا کھیلنے جانا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دورہ سری لنکا کے لیے ٹیم کا اعلان آئندہ چند روز میں ہو جائے گا۔ شرجیل خان کے بارے میں اتنا کہنا چاہوں گا کہ وہ آؤٹ آف فارم ہیں اس لیے میں جلد کوئی بات نہیں کرنا چاہتا۔

سری لنکن مین پلیئر کے آنے کے سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ لنکن بورڈ نے فیصلے کیے ہیں اور پلیئر نہ آنے والوں کو لیگ کے لیے این او سی جاری نہیں ہوئے، یہ لنکن بورڈ کا فیصلہ ہے۔

مصباح الحق کا کہنا تھا کہ ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر کے بعد یہ سب سے بڑا امتحان ہے، میں سرفراز احمد اور بابر اعظم کو مبارکباد دیتا ہوں۔ ٹی ٹونٹی میں ٹیم نمبر ون ہے، ون ڈے ٹیم میں قومی ٹیم کی کارکردگی بہتر ہوئی ہے۔ ٹیم نے بہت اچھا کیا، سرفراز احمد تین سال سے کپتانی کر رہے ہیں اور بہت اچھی کپتان کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ٹیم کی کارکردگی ٹی ٹونٹی میں بہتر رہی ہے، ون ڈے میں تسلسل چاہیے، کپتان کو الزام نہیں دینا چاہیے یہ غلط بات ہے، مین پلیئر اور ٹاپ باؤلر آؤٹ آف فارم ہو جائیں تو کپتان کو مورد الزام نہیں ٹھہرانا چاہیے۔ 350 سکور کر کے باؤلر ناکام رہیں تو کپتان ذمہ دار نہیں ہو گا۔

چیف سلیکٹر کا کہنا تھا کہ سرفراز احمد کی خامیاں دور کرنا میری ذمہ داری ہے، رضوان احمد نے میچز میں سنچریاں کی ہیں، دونوں کو ایک دوسرے کے ساتھ ٹائی نہیں کر سکتے۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ مجھ پر تنقید کرنے پر محمد یوسف کی اپنی سوچ ہے۔ میں صرف اپنا کام کروں گا اور پرفارمنس نظر آ جائے گی۔ تنقید ہوتی رہتی ہے میں اس پر دھیان نہیں دیتا۔

مصباح الحق کا کہنا تھا کہ بہت سارے کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ ہو رہے ہیں، رزلٹ ملتے ہی بتائیں گے کہ کون ٹیم میں واپس آ رہا ہے، ایک لاک بک بنائیں گے، جس میں پورے روز کی فٹنس ٹیسٹ اور یو یو ٹیسٹ کے بارے میں لکھا جائے گا۔ ٹریننگ اور فٹنس کو مانیٹر کریں گے اور ایک ایک لمحہ ہمارے علم میں ہو گا۔

ایک اور سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ قومی اوپنر عابد علی کو ضرور موقع دیں گے انہوں نے شاندار بیٹنگ کی ہے اور ان کی فٹنس بہت بہتر جا رہی ہے۔ سب کچھ جائزہ لیکر فیصلہ کریں گے۔