سابق لیگ سپنر عبد القادر انتقال کر گئے، آرمی چیف، صدر، وزیراعظم کا اظہار افسوس

Last Updated On 06 September,2019 11:40 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق لیگ سپنر عبد القادر انتقال کر گئے۔ انہیں دل کا دورہ پڑا اور ہسپتال لے جایا گیا جہاں وہ جانبر نہ ہو سکے۔ ان کے انتقال پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، وزیراعظم عمران خان سمیت پاکستانی بھارتی کرکٹرزسمیت سیاستدانوں اور دیگر نے بھی افسوس کا اظہار کیا ہے۔

خاندانی ذرائع کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑی عبد القادر 63 برس کی عمر میں انتقال کر گئے انہیں دل کا دورہ پڑا، دل کا دورہ پڑنے کے بعد انہیں فوری طور پر ہسپتال لے جایا گیا۔

ڈاکٹرز کے مطابق ہسپتال پہنچنے سے قبل ہی سابق لیگ سپنر انتقال کر چکے تھے۔

عبد القادر چیف سلیکٹر سمیت پی سی بی میں متعدد عہدوں پر کام کر چکے ہیں۔ انہوں نے قومی ٹیم کی نمائندگی کرتے ہوئے 67 ٹیسٹ اور 104 ون ڈے میچز کھیلے۔

ان نے اپنے کیریئر کا آغاز 14 دسمبر 1977ء کو انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچ سے کیا جبکہ اپنا آخری ٹیسٹ 6 دسمبر 1990ء کو کھیلا۔ پہلا ون ڈے انہوں نے 11 جون 1983ء کو نیوزی لینڈ کیخلاف کھیلا، اپنا آخری ون ڈے سری لنکا کیخلاف 2 نومبر 1993ء کو کھیلا۔

 عبد القادر لاہور میں 15 ستمبر 1955ء کو پیدا ہوئے۔ ان کے چار بچے ہیں۔ بچوں کے نام رحمان قادر، عمران قادر، سلیمان قادر اور عثمان قادر ہیں۔

یاد رہے کہ عبد القادر کے بھائی علی بہادر بھی 1987-88ء میں 10 فرسٹ کلاس میچ کھیل چکے ہیں۔

دوسری طرف آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کرکٹر کے انتقال پر دکھ کراظہار کیا اور مرحوم کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔

آرمی چیف قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک عظیم کھلاڑی اور انسان محروم ہو گیا۔ اللہ تعالیٰ ورثاء کو ناقابل تلافی نقصان برداشت کرنے کا حوصلہ دے۔

دریں اثناء پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھی عبدالقادر کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا۔ 

 ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم نے لیجنڈ سپنر عبدالقادر کی موت پر جذباتی رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ عبد القادر کو جادوگر سپنر کہا جاتا تھا مگر جب ایک دن اس نے مجھے کہا کہ وہ پاکستانی ٹیم کے لیے اگلے 20 سال تک کرکٹ کھیلیں گے اور یہ کہتے ہوئے ان کی آنکھوں میں زبردست چمک تھی تو میں نے یقین کر لیا کہ وہ واقعی جادوگر ہے۔

وسیم اکرم کا مزید کہا تھا کہ عبد القادر اپنے وقت کے بہترین سپنر تھے، انہیں یاد رکھا جائے گا اور کبھی نہیں بھلایا جائے گا۔

 

پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر وہاب ریاض نے ٹویٹر پر لکھا کہ عبد القادر کا انتقال ہو گیا ہے، انا للہ وانا الیہ راجعون۔

سابق فاسٹ باؤلر شعیب اختر کا کہنا تھا کہ لیجنڈ عبد القادر ہم میں نہیں رہے، سن کر افسوس ہوا۔

قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ یہ سن کر افسوس ہوا کہ سابق لیجنڈ عبد القادر ہم میں نہیں رہے۔ میری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ انہیں جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائے۔

قومی ٹیم کے آل راؤنڈر محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ عبد القادر کے انتقال کی خبر سن کر افسوس ہوا، وہ مجھ پر ہمیشہ بہت مہربان ہوتے تھےاور مدد کرتے تھے۔

ون ڈاؤن بیٹسمین بابر اعظم کا کہنا تھا کہ سابق لیگ سپنر کے انتقال کی خبر سن کر بہت افسوس ہوا۔

 

آل راؤنڈر شعیب ملک، فاسٹ باؤلر محمد عامر، آئی سی سی، لندن کے میئر صادق خان، بھارتی کرکٹر ہربھجن سنگھ، پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر خان ترین کے بیٹے علی ترین، فاسٹ باؤلر عمر گل، سابق بیٹسمین محمد وسیم، اداکار شان شاہد، سپنر شاداب خان، کرکٹ کی سب سے بڑی ویب کرک انفو سمیت دیگر نے بھی پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق لیجنڈ گگلی سپنر کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا۔