کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ڈومیسٹک سیزن 2019-20ء کیلئے نئی پلیئنگ کنڈیشنز متعارف کرا دیں، پہلی بار فرسٹ کلاس کرکٹ میں نو ٹاس قانون نافذ کیا جا رہا ہے۔
دنیا نیوز کے مطابق قائداعظم ٹرافی فرسٹ اور سیکنڈ الیون کے لیے نیا پوائنٹ سسٹم ترتیب دے دیا گیا، پہلی اننگز میں بیٹنگ اور باؤلنگ میں کارکردگی کی بنیاد پر پوائنٹس تقسیم کیے جائیں گے۔ سلو اوور ریٹ پر جرمانے کے قوانین مزید سخت کر دیے گئے۔
قائداعظم ٹرافی کے فائنل کو نتیجہ خیز بنانے کے لیے ایک اضافی روز دے دیا گیا۔ ایسوسی ایشن میں شامل تمام 32 کھلاڑی فرسٹ یا سیکنڈ الیون میں شرکت کرسکتے ہیں۔
ڈائریکٹر ڈومیسٹک کرکٹ ہارون رشید کا کہنا ہے کہ کرکٹ ایسوسی ایشن 32 کھلاڑیوں کے علاوہ کسی ایک غیرملکی کھلاڑی کو سکواڈ میں شامل کرسکتی ہے۔ نئی پلیئنگ کنڈیشنز سے قومی اور بین الاقوامی کرکٹ کے درمیان فرق کم کیا جاسکے گا۔