لاہور: (روزنامہ دنیا) نئے ڈومیسٹک کرکٹ سٹرکچر میں پاکستان کرکٹ بورڈ نے صوبائی ایسوسی ایشنز کے تحت 6 ہائی پرفارمنس سنٹر قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، ہر صوبائی ایسوی ایشن کا اپنا ہائی پرفارمنس سنٹر ہوگا جبکہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی کا نام تبدیل کر کے نیشنل ہائی پرفارمنس سنٹر رکھ دیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے ہائی پرفارمنس سنٹرز کے قیام کیلئے برطانوی کوچ کی خدمات حاصل کرلیں، سابق برطانوی کوچ ڈیوڈ پارسنس چیف ایگزیکٹو وسیم خان کے دوست ہیں، وہ ہائی پرفارمنس سنٹر قائم کرنے کے حوالے سے تجاویز تیار کر کے دیں گے۔ ڈیوڈ پارسنس نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں سہولیات کا جائزہ لیں گے اور ساتھ ساتھ اکیڈمیز کو ہائی پرفارمنس سنٹرز میں تبدیل کرنے کا روڈ میپ دیں گے۔
ایم ڈی وسیم خان کا کہنا ہے کہ ڈیوڈ پارسنس انگلینڈ ہائی پرفارمنس سنٹر کے ساتھ کام کرنے کا تجربہ رکھتے ہیں۔ برطانوی کوچ ڈیوڈ پارسنس انگلینڈ کرکٹ بورڈ کے ساتھ بطور پرفارمنس ڈائریکٹر کام کر چکے ہیں جبکہ انگلینڈ بورڈ کے ساتھ بطور کوچ اور سپن باؤلنگ کوچ بھی کام کر چکے ہیں۔ انہوں نے 19 سال انگلش بورڈ کیساتھ کام کیا اور وہ رواں سال جولائی میں انگلش بورڈ سے الگ ہوئے۔