مصباح الحق ہیڈ کوچ، وقار یونس باؤلنگ کوچ کے مضبوط امیدوار

Last Updated On 29 August,2019 08:55 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کی کوچنگ کے امیدواروں کے انٹرویوز مکمل کر لیے گئے ہیں، سابق کپتان مصباح الحق ہیڈ کوچ جبکہ وقار یونس تیسری مرتبہ باؤلنگ کوچنگ کا عہدہ سنبھالنے کے لیے مضبوط امیدوار ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے تشکیل کیے گئے پانچ رکنی پینل میں شامل چیف ایگزیکٹو وسیم خان، ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ ذاکر خان، گورننگ بورڈ کے رکن اسد علی خان، انتخاب عالم اور بازید خان نے امیدواروں کے انٹر ویوز کیے۔

انٹرویوز کے دوران ڈین جونز سمیت غیر ملکی امیدواروں کے انٹرویوز ویڈیو لنک کے ذریعے کیے گئے جبکہ وقار یونس قذافی سٹیڈیم میں آئے، مصباح الحق کے بعد محسن حسن خان نے بھی انٹرویوز دیئے۔

ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر محمد اکرم باؤلنگ کوچ کے عہدے سے دستبردار ہو گئے ہیں، ان کی جانب یہ فیصلہ سینیئرز کی موجودگی کی وجہ سے کیا گیا۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ قومی ٹیم کی بیٹنگ کوچ اور اسٹرینتھ اینڈ کنڈیشنگ کوچ کا فیصلہ بعد میں ہو گا۔ سابق باریش بیٹسمین اور کپتان مصباح الحق کے بارے میں بتایا جا رہا ہے کہ وہ ہیڈ کوچ کے مضبوط امیدوار ہیں۔ وقار یونس کیساتھ معاوضے کے حوالے سے رکاوٹ پیدا ہو سکتی ہے ورنہ مصباح الحق کیساتھ کام کرنے میں دشواری محسوس نہیں کر رہے ہیں۔

اس دوران پاکستان کے سابق آل راؤنڈر یاسر عرفات نے بھی باؤلنگ کوچنگ کے لیے درخواست دے رکھی ہے جبکہ بیٹنگ کوچ کیلئے محمد وسیم اور فیصل اقبال سامنے آئے ہیں تاہم امید کی جا رہی ہے کہ اگر مصباح الحق قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ بنتے ہیں تو بیٹنگ کوچ کی ذمہ داری بھی باریش بیٹسمین کے کندھوں پر ڈالی جائے گی۔