اسلام آباد: (دنیا نیوز) قومی ٹیم کے آل راؤنڈر عماد وسیم بھی شادی کے بندھن میں بندھ گئے، کرکٹر کا پاکستانی نژاد برطانوی لڑکی ثانیہ اشفاق سے فیصل مسجد میں نکاح ہوا۔
دنیا نیوز کے مطابق پاکستان کھلاڑیوں میں شادیوں کا سیزن چل پڑا ہے، قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلر حسن علی کے بعد عماد وسیم بھی شادی کے بندھن میں بندھ گئے ہیں۔ قومی کرکٹر کا پاکستانی نژاد برطانوی لڑکی ثانیہ اشفاق سے فیصل مسجد میں نکاح ہوا۔ ولیمہ کی تقریب 26 اگست کو ہو گی۔
آل راؤنڈر وزیر اعظم عمران خان اور چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) احسان مانی سمیت مہمانوں کو دعوت نامے بھجواچکے ہیں۔
چیئرمین پی سی بی احسان مانی کو بھی ولیمہ کی تقریب میں مدعو کیا گیا ہے۔ سابق کپتان وسیم اکرم اور شاہد آفریدی بھی مہمانوں کی فہرست میں شامل ہیں۔
عماد وسیم سے پہلے دبئی میں 20 اگست کو فاسٹ باؤلر حسن علی کا نکاح بھارتی لڑکی سامعہ آرزو سے ہوا تھا۔ ان کا دبئی کے مقامی ہوٹل میں نکاح ہوا تھا، فاسٹ باؤلر نے بلیک شیروانی پہن رکھی تھی۔ دلہن نے سرخ رنگ کا جوڑا پہنا ہوا تھا۔
حسن علی اور بھارتی لڑکی سامعیہ آرزو کیساتھ دبئی میں نکاح کی تقریب میں فاسٹ باؤلر کے والد بھی موجود تھے۔ نکاح میں فیملی کے علاوہ، کرکٹر کے دوستوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔