لاہور: (روزنامہ دنیا) چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے کہا ہے کہ سری لنکن کرکٹ ٹیم کی آمد سے پاکستانی شائقین کو غیر ملکی سٹارز کو ایکشن میں دیکھنے کا انتظار ختم ہو جائے گا جبکہ کرکٹ سری لنکا نے پاکستان میں انٹر نیشنل مقابلوں کی بحالی کیلئے پی سی بی کے اقدامات کی بھرپور حمایت کی ہے۔
احسان مانی نے کہا کہ میچوں کے انعقاد سے شائقین غیر ملکی کھلاڑیوں کے کھیل سے لطف اندوز ہو سکیں گے اور ازسرنو مرتب کردہ ڈومیسٹک کرکٹ سٹرکچر کو بھی مدد ملے گی۔ احسان مانی کے مطابق پی سی بی سری لنکن ٹیم کے پاکستانی سرزمین پر استقبال کیلئے تیار ہے اور مہمان کھلاڑیوں کو یقین دلاتے ہیں کہ ان کا بھرپور خیال رکھا جائیگا۔
ٹیلیفون پر گفتگو کرتے ہوئے کرکٹ سری لنکا کے سربراہ شامی سلوا نے کہا کہ دونوں بورڈز کے باہمی تعلقات اور دوستی کی طویل تاریخ ہے اور دورہ پاکستان سے متعلق فیصلے سے یہ رشتہ مزید مضبوط ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ کرکٹ سری لنکا پاکستان میں کرکٹ کے فروغ میں اپنا کردار ادا کرنے کیلئے پرعزم ہے اور ہماری نظریں کراچی اور لاہور میں ون ڈے اور ٹی ٹونٹی سیریز پر مرکوز ہیں۔