کراچی: (روزنامہ دنیا) وزارت بین الصوبائی رابطہ کی جانب سے منظوری کا نوٹیفکیشن موصول ہونے کے بعد پی سی بی کا نیا آئین نافذ العمل ہو گیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق نئے آئین کے نفاذ سے بورڈ آف گورنرز میں تین کرکٹ ایسوسی ایشنز کے صدور، پیٹرن انچیف کی جانب سے دو نامزد اراکین، ایک خاتون سمیت چار آزاد ڈائریکٹرز، پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو، وزارت بین الصوبائی رابطہ کے وفاقی سیکریٹری بطور غیرفعال رکن شامل ہوں گے۔ نئے آئین میں 16 ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشنز کو چھ ایسوسی ایشنز میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔ اب سینٹرل اور سدرن پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا، بلوچستان اور ناردرن ایریاز کی ایسوسی ایشن کی ٹیمیں فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلیں گی۔
ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشنز کو سٹی کرکٹ ایسوسی ایشنز سے تبدیل کر دیا جائے گا۔ ایسوسی ایشنز گورننگ بورڈ کے منظور کردہ اپنے ماڈل آئین کے تحت کام کریں گے۔ پی سی بی جنرل باڈی11 اراکین پر مشتمل ہوگی جن میں چیئرمین بورڈ، تمام ایسوسی ایشنز، بلائنڈ کرکٹ کونسل، ڈیف اینڈ ڈمب کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدور شامل ہوں گے۔
پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو اور چیف آپریٹنگ آفیسر غیرفعال اراکین ہوں گے جنہیں ووٹنگ کا حق حاصل نہیں ہو گا۔ نئے آئین کے بعد چیئرمین پی سی بی اور چیف ایگزیکٹو کے اختیارات علیحدہ کر دیئے گئے ہیں۔
منیجنگ ڈائریکٹر وسیم خان اب بطور چیف ایگزیکٹو کام کریں گے۔ پی سی بی کے گورننس اسٹرکچر کی مضبوطی کیلئے شق نمبر 12 سی کا اضافہ کیا گیا ہے جس کیلئے بورڈ میں کارپوریٹ گورننس کے بہترین طریقوں کو نافذ کیا جائے گا۔