لاہور: (دنیا نیوز) سری لنکن کرکٹ بورڈ نے پاکستان میں ٹیسٹ میچ کے بجائے تین ون ڈے کھیلنے کی پیشکش کر دی۔ پی سی بی کا کہنا ہے کہ دورے سے متعلق بات چیت جاری ہے، حتمی شیڈول آئندہ ہفتے جاری کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق کھیل کے میدانوں سے اچھی خبر ہے، سری لنکن بورڈ نے اپنی ٹیم پاکستان بھجوانے کے لئے رضامندی کا اظہار کیا ہے۔ سری کرکٹ لنکن بورڈ نے پاکستان میں ٹیسٹ میچ کے بجائے تین ون ڈے کھیلنے کی پیشکش کر دی ہے۔
یواے ای میں رواں سال پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دوٹیسٹ میچوں کی سیریز بھی شیڈول ہے۔
سری لنکن بورڈ نے پاکستان میں کھیلنے کا فیصلہ اپنے سیکیورٹی وفد کی رپورٹ کے بعد کیا۔ آئی لینڈرز نے دو ہزار سترہ میں بھی پاکستان کا دورہ کیا تھا۔
پی سی بی حکام کا کہنا ہے کہ دورے سے متعلق بات چیت جاری ہے۔ حتمی شیڈول کا اعلان آئندہ ہفتے کیا جائے گا، تاہم دو ہزار نو میں لنکن ٹیم پر دہشت گرد حملے کے بعد سے پاکستانی ٹیم اپنی سرزمین پر ٹیسٹ میچز کھیلنے سے محروم ہے۔