لاہور: (دنیا نیوز) عدالتی حکم پر ریجنل اور ڈیپارٹمنٹل کرکٹ کا سٹیٹس پھر سے بحال ہوگیا۔ وفاقی کابینہ نے نئے آئین کی منظوری چند روز پہلے ہی دی تھی۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ نے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کا 19 اگست سے نافذ العمل نیا آئین معطل کر دیا ہے۔ جسٹس شاہد مبین نے عدالت میں دائر پٹیشن پر آئین کی معطلی کے احکامات جاری کئے۔
یاد رہے کہ وفاقی کابینہ نے کرکٹ بورڈ کے نئے آئین کی منظوری چند روز پہلے ہی دی تھی۔ لاہور ہائیکورٹ کے حکم پر 2014ء کا آئین ازخود لاگو جبکہ ریجنل اور ڈیپارٹمنٹل کرکٹ کا سٹیٹس بھی بحال ہو گیا ہے۔
کرکٹ بورڈ کے نئے آئین میں ملک کی فرسٹ کلاس کرکٹ کو چھ صوبائی ایسوسی ایشنز تک محدود کر دیا گیا تھا۔ دوسری طرف پی سی بی کا موقف ہے کہ انہیں عدالتی کارروائی کا پہلے سے کوئی علم نہیں تھا۔