لاہور: (ویب ڈیسک) قومی ٹیم کے اوپنر بلے باز فخر زمان انجرڈ ہونے کے باعث پری سیزن کیمپ سے باہر ہو گئے۔ ڈاکٹرز کی طرف سے انہیں ایک ہفتے تک آرام کی ہدایت کی گئی ہے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کا تربیتی کیمپ قذافی سٹیڈیم میں جاری ہے، جہاں کھلاڑیوں کی بڑی تعداد فٹنس سمیت ٹریننگ میں مصروف ہے، اسی دوران پاکستان کرکٹ ٹیم کے اُبھرتے ہوئے بلے باز فخر زمان انجرڈ ہو گئے جبکہ فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی ڈینگی کے بخار میں مبتلا ہو کر کیمپ سے باہر ہو گئے تھے۔ جس کے بعد قومی اوپنر اور ہارڈ ہٹر بلے باز فخر زمان کیمپ سے باہر ہو گئے۔ ڈاکٹرز نے ایک ہفتے تک کرکٹ کی سرگرمیوں میں حصہ لینے سے روک دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق کیمپ کے پہلے مرحلے کے دوران فٹنس ٹیسٹ دینے کے بعد فخر کے دائیں گھٹنے میں تکلیف ہوئی تھی جس کے بعد سکلز ورک مرحلے میں شامل نہیں ہوئے تھے۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ چیک اپ کے دوران ان کی پہلی ایم آر آئی رپورٹ اتنی واضح نہیں تھی جس کے بعد دوسری بار ان کا تفصیلی معائنہ کرایا گیا، رپورٹ سامنے آنے کے بعد اوپنر کو ایک ہفتے کا آرام تجویز کیا گیا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ میڈیکل پینل نے رپورٹ کو سامنے رکھتے ہوئے اوپنر فخر زمان کے ری ہیب کا پروگرام تربیت دے دیا ہے۔
ذرائع کےمطابق فخرزمان سری لنکا کے خلاف سیریز کے لیے باقاعدہ اعلان کردہ کیمپ تک مکمل فٹ ہوجائیں گے۔