لاہور: (دنیا نیوز) محمد عامر کے نقش قدم پر چلتے ہوئے فاسٹ باﺅلر وہاب ریاض نے بھی ٹیسٹ کرکٹ سے دوری اختیار کرنیکا فیصلہ کر لیا۔
فاسٹ باؤلر قائداعظم ٹرافی کیلئے سدرن پنجاب کی ٹیم کے ساتھ پریکٹس سیشن میں شریک نہیں ہوئے۔ وہاب بھی عامر کے نقش قدم پر چلتے ہوئے محدود اوورز کی کرکٹ پر اپنی توجہ مرکوز رکھنا چاہتے ہیں۔
ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بہت سوچ بچار اور خاندان والوں کے مشورے کے بعد میں نے ریڈ بال کرکٹ سے دوری کا فیصلہ کیا ہے اور آرام کرنا چاہتا ہوں۔ میں ریڈ بال کرکٹ سے دور رہ کر اپنی فٹنس کو مزید بہتر کرنا چاہتا ہوں اور محدود فارمیٹ میں ملکی نمائندگی پر فوکس کرنا چاہتا ہوں۔
After a lot of thinking and discussions with my family and board, I have decided to take a break from red-ball cricket and maintain my fitness and focus on the shorter format for my country. It was a tough decision and I appreciate my Board’s support and guidance during this time
— Wahab Riaz (@WahabViki) September 12, 2019
ٹویٹر پر ٹویٹ میں ان کا کہنا تھا کہ یہ میرے لیے مشکل فیصلہ تھا، میں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کا مشکور ہوں جنہوں نے ہر موقع پر میرا ساتھ دیا اور میری رہنمائی کی۔
یاد رہے کہ وہاب سے قبل 27 سالہ فاسٹ بولر محمد عامر بھی ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرچکے ہیں اور وہ مستقبل میں ون ڈے اور ٹی ٹونٹی کھیلنا چاہتے ہیں۔
2010ء میں ٹیسٹ کرکٹ میں ڈیبیو کرنے والے فاسٹ باؤلر کافی خوش قسمت ہیں کہ پہلے ٹیسٹ میں ہی بیرون ملک پاکستان کو فتح دلوائی تھی۔ انگلینڈ کیخلاف پہلی اننگز میں پانچ اور دوسری اننگز میں ایک وکٹ حاصل کر کے ٹیسٹ میں اپنی دھاک بیٹھائی تھی۔
اس دوران وہ قومی ٹیم کے مستقل رکن رہے تاہم ٹیسٹ میں کارکردگی بہتر نہ ہونے کی بناپر انہیں ٹیم سے ڈراپ کیا گیا، انہوں نے اپنا آخری میچ اکتوبر 2018ء میں آسٹریلیا کیخلاف ابوظہبی میں کھیلا جس میں وہ دونوں اننگز میں ایک بھی وکٹ حاصل نہ کر سکے۔