لاہور: (ویب ڈیسک) قومی ٹیم کی رنز مشین کہلانے والے بیٹسمین بابر اعظم نے دوسرے ون ڈے میچ میں سری لنکا کے خلاف اپنی 11 ویں سنچری مکمل کی اور کیلنڈ ایئر میں کم ترین اننگز کھیل کر 1000 رنز پورے کرنے کا 32 سال پرانا پاکستانی ریکارڈ توڑ دیا ہے۔ بابراعظم نے اپنے کیریئر کی 11 ویں سنچری 71 ویں اننگز میں بنائی جبکہ ویرات کوہلی نے گیارہ سنچریاں 82 ویں اننگز میں بنائی تھی۔
24سالہ بیٹسمین نے کراچی میں کھیلے جانیوالے دوسرے ون ڈے کے دوران کیلنڈر ایئر میں اپنی 19 ویں اننگز میں 1000 ون ڈے رنز مکمل کیے اور لیجنڈری بلے باز جاوید میانداد کا 32 سال پرانا ریکارڈ توڑ ڈالا، بابر اب تک رواں سال 2 سنچریاں اور7 نصف سنچریاں بنا چکے ہیں، جاوید میانداد نے1987ء میں اپنی 21 ویں اننگز میں 1000 رنز مکمل کیے تھے۔
دوسری طرف بابر اعظم نے بھارتی کپتان ویرات کوہلی کا ریکارڈ بھی روند ڈالا، بابراعظم نے اپنے کیریئر کی 11 ویں سنچری 71 ویں اننگز میں بنائی جبکہ ویرات کوہلی نے گیارہ سنچریاں 82 ویں اننگز میں بنائی تھی۔
فہرست میں تیسرے نمبر پرموجود محمد یوسف نے 2002ء میں 23 ویں اننگز میں 1000 رنز مکمل کیے تھے، قومی ٹیم کے موجود ہ ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق نے 2013ء میں 23 اننگز کھیل کر ہی ایک ہزار رنز مکمل کیے تھے۔
اوپنر سعید انور نے 1996ء میں 25 باریاں کھیل کر اعزاز اپنے نام کیا تھا، عامر سہیل نے 1994ء میں 27 اننگز کھیل کر 1000 رنز مکمل کیے، اعجاز احمد نے 1996ء، انضمام الحق نے 1999ء اور محمد یوسف نے 2003ء میں 27،27 اننگز کھیل کر ہی کیلنڈر ایئر میں 1000رنز مکمل کیے تھے۔