پاک لنکا پہلا ون ڈے بارش کی وجہ سے منسوخ، شائقین کے ارمانوں پر پانی پھر گیا

Last Updated On 29 September,2019 03:35 pm

کراچی: (دنیا نیوز) شائقین کے ارمانوں پر پانی پھر گیا۔ شہر قائد میں ہونے والی بارش کے باعث پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ہونے والا پہلا ون ڈے میچ منسوخ کر دیا گیا۔

 

دنیا نیوز کے مطابق بارش کے باعث نیشنل سٹیڈیم کی پچ کو ڈھانپ دیا گیا تھا۔ نیشنل سٹیڈیم کے اطراف زور دار بارش جاری رہی، دونوں ٹیمیں نیشنل سٹیڈیم پہنچ گئیں تھیں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے سیریز کے دوران سکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے ہوئے تھے اور سٹیڈیم آنے والوں کے لیے پارکنگ انتظامات اور ٹریفک کے لیے متبادل راستوں کی تفصیلات بھی جاری کی گئی تھیں۔

تاہم شہر میں ہونے والی مسلسل بارش کی وجہ سے پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلا ون ڈے میچ کا ٹاس تاخیر کا شکار ہوا تھا تاہم بعد میں بارش کے باعث میچ منسوخ کر دیا گیا۔

یاد رہے کہ محکمہ موسمیات نے گزشتہ روز بارش کی پیش گوئی کی تھی۔

یاد رہے تینوں ون ڈے میچز ڈے اینڈ نائٹ ہیں، پہلے ایک روزہ میچ میں جول ولسن اور احسن رضا آن فیلڈ امپائر، مائیکل گف ٹی وی امپائر اور راشد ریاض فورتھ امپائر ہوں گے۔ پاکستان اور سری لنکا کے تین ون ڈے میچز کی سیریز کے بعد لاہور میں ٹی 20سیریز شیڈول ہے۔