لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ون ڈے اور ٹی ٹونٹی سیریز کے لیے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ڈیوڈ بون کو میچ ریفری مقرر کر دیا ہے۔
دنیا نیوز کے مطابق رواں ماہ کے آخر میں پاکستان اور سری لنکا کی ٹیمیں مد مقابل ہوں گی، دونوں ٹیموں کے درمیان تین ون ڈے اور تین ٹی ٹونٹی میچز کھیلے جائیں گے، پاکستان کی ٹیم کا اعلان کر دیا گیا ہے تو وہی پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ڈیوڈ بون کو میچ ریفری بھی مقرر کر دیا ہے۔ ڈیوڈ بون ون ڈے اور ٹی ٹونٹی میں میچ ریفری کی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔
آئی سی سی ایلیٹ پینل میں شامل مائیکل گف، جول ولسن، علیم ڈار کو امپائر مقرر کیا گیا ہے، آئی سی سی انٹرنیشنل پینل کے احسن رضا، شوزب رضا، آصف یعقوب بھی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔
پہلے ایک روزہ میچ میں جول ولسن اور احسن رضا آن فیلڈ امپائرز مقرر کیے گئے ہیں، مائیکل گف تھرڈ امپائر اور راشد ریاض فورتھ امپائر ہوں گے۔
دوسری طرف لاہور پولیس نے لنکن ٹائیگر کے ساتھ پاکستان کےساتھ ٹی ٹونٹی سیریز کے لیے شیڈول میچز کی سکیورٹی کے لیے ایک اجلاس ہوا ہے۔ ڈی آئی جی آپریشنز لاہور اشفاق خان ایس ایس پی آپریشنز لاہور اسماعیل کھاڑک، ایس پی کینٹ، ماڈل ٹاؤن اور ایس پی سول لائنز سمیت ایس ڈی پی اوزاور ایس ایچ اوز نے اجلاس میں شرکت۔ کی۔
اجلاس کے بعد ڈی آئی جی آپریشنز لاہور اشفاق خان کا کہنا تھا کہ پاک سری لنکا ٹی ٹونٹی کرکٹ میچز میں ٹیموں اور شائقین کو بھرپور سکیورٹی فراہم کریں گے۔ ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی کے لئے لاہور پولیس بھی بھرپور کردار ادا کرے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ سکیورٹی انتظامات کے حوالہ سے تمام متعلقہ اداروں سے مکمل رابطہ میں ہیں۔ ٹیموں کی قیام گاہ اورکرکٹ سٹیڈیم کے گردو نواح میں سرچ اینڈ سویپ آپریشنز کئےجائیں۔ میچز کے دوران ٹیموں، سٹیڈیم اور اطراف کی نقل و حرکت سینکڑوں سی سی ٹی وی کیمروں سے مانیٹر کی جائیگی۔ افسران کی جانب سے میچز کی سکیورٹی کو مزید بہتر بنانے کے لئے تجاویز پیش کی گئیں۔