کراچی: (دنیا نیوز) صوبہ بلوچستان میں امن لوٹتے ہی کھیلوں کے میدان آباد ہونا شروع ہو گئے، سونے میدانوں کو آباد کرنے کے لیے 11 سال بعد فرسٹ کلاس میچ کی میزبانی دارالحکومت کوئٹہ کرے گا۔ یہ میچ ہفتے کو شروع ہو گا۔
پاکستان میں 2009ء کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ کی رخصتی کے بعد سے ہی دنیا بھر کی بڑی ٹیمیں یہاں کا رُخ نہیں کر رہیں۔ اس دوران سری لنکا، زمبابوے، پی ایس ایل کے چند میچز پاکستان میں ہوئے تاہم یہ میچز صرف دو صوبوں تک محدود رہے، لیکن اب امن واپس آتے ہی پاکستان کے رقبے کے لحاظ سے سب سے بڑے صوبے بلوچستان کے دارالحکومت میں کوئٹہ میں سونے میدان آباد ہونے کیلئے تیار ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے بڑا ٹورنامنٹ قائداعظم ٹرافی کھیلا جا رہا ہے، پہلے راؤنڈ اختتام ہونے کے بعد دوسرے راؤنڈ کی تیاریاں شروع ہو گئی ہے جس میں کوئٹہ ہفتے کے روز سے 11 سال بعد فرسٹ کلاس میچ کی میزبانی کرے گا، بلوچستان دوسرے راؤنڈ میں سدرن پنجاب کی میزبانی کریگا۔
اُدھر سینٹرل پنجاب اور ناردرن کی ٹیمیں فیصل آباد میں مدمقابل آئیں گی، خیبرپختونخوا اور سندھ کے درمیان مقابلہ شہر قائد میں ہو گا۔
اُدھر پاکستان کرکٹ بورڈ نے 243 ریجنل گراؤنڈز مین، کیوریٹرز کو کنٹریکٹ دینے کی پیشکش کی ہے، پی سی بی گراؤنڈ سٹاف کو 2 ماہ کے لیے کنٹریکٹ دینے کی پیشکش کررہا ہے۔
ذرائع کے مطابق کنٹریکٹ کا آغاز پی سی بی کے نئے آئین کے نفاذ کے روز سے ہو گا۔ پی سی بی نے گراؤنڈ سٹاف کے تمام بقایاجات ادا کرنے کیلئے بھی فوری اقدامات اٹھائے ہیں۔ اس دوران پی سی بی کا ڈومیسٹک کرکٹ ڈیپارٹمنٹ کیوریٹرز کی کارکردگی کا جائزہ لے گا۔
ڈومیسٹک کرکٹ ڈیپارٹمنٹ وینیوز کے لیے مقررہ سٹاف کی تفصیلات بھی جمع کرے گا، پیشکش 16 ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشنز کے ماتحت کام کرنے والے گراؤنڈ سٹاف کو کی گئی ہے، پی سی بی کے نئے آئین کے بعد 16 ریجنل ایسوسی ایشنز 6 کرکٹ ایسوسی ایشنز میں ضم ہوچکی ہیں۔