کوئٹہ: (دنیا نیوز) کوئٹہ میں محکمہ ماحولیات نے گندے پانی سے سبزیاں کاشت کرنے والوں کے خلاف کاروائی شروع کر دی، اب سبزیاں تلف کرنے کے ساتھ ساتھ زمینداروں کو جرمانے اور قید کی سزا بھی ہو گی، سزا کے ڈر سے کئی زمینداروں نے صاف پانی سے بھی سبزیاں اگانی شروع کر دیں۔
محکمہ ماحولیات کو بلوچستان ہائی کورٹ کے حکم کے بعد پھر ہوش آ گیا۔ گندے پانی سے سبزیاں اگا کر انسانی زندگی سے کھیلنے والوں کے خلاف جنگل باغ اور دیگر علاقوں میں کارروائیاں شرع کر دیں۔
محکمہ ماحولیات کےعملے نے مجسٹریٹ کی موجودگی میں 25 ایکڑ سے زائد رقبے پر گندے پانی سے کاشت کی جانے والی سبزیاں تلف کر دیں۔ محکمہ ماحولیات کے حکام کا کہنا ہے کہ گندے پانی سے سبزیاں کاشت کرنے والوں کے لئے اب کوئی رعایت نہیں۔
گندے پانی سے سبزیوں کو سیراب کرنے والے کچھ زمنیداروں نے سزا کے خوف سے اب صاف پانی سے سبزیاں اگانی شروع کر دی ہیں جس پر شہریوں نے بھی اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
ایک محتاظ اندازے کے مطابق کوئٹہ میں فقیر محمد روڈ سے لیکر کلی نوحصار تک ایک ہزار ایکڑ سے زیادہ رقبے پر گندے پانی سے سبزیوں کی کاشت جاری ہے۔