کوئٹہ: (دنیا نیوز) کوئٹہ کے علاقے مشرقی بائی پاس پر سیکیورٹی فورسز نے بڑی کارروائی کی جس میں خاتون سمیت 6 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔ کارروائی کے دوران ایک اہلکار شہید اور 4 زخمی ہوئے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے سیکیورٹی فورسز کو کامیاب آپریشن پر مبارکباد دی۔
سی ٹی ڈی نے مشرقی بائی پاس پر گودام میں چھپے دہشت گردوں کے خلاف خفیہ اطلاع پر کارروائی کی، فورسز نے گودام میں داخل ہونے کی کوشش کی تو ایک خود کش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا جس کے بعد دہشتگردوں کی جانب سے فائرنگ شروع کر دی گئی۔ سیکیورٹی فورسز نے فائرنگ کا موثر جواب دیا۔
جھڑپ کے دوران ایک اور حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑایا، فورسز کی فائرنگ سے ایک خاتون سمیت 4 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ سی ٹی ڈی کے مطابق دہشت گردوں کے خلاف آپریشن 5 گھنٹے تک جاری رہا۔ کارروائی کے دوران خودکش جیکٹس اور دیگر آتش گیر سامان بر آمد ہوا جسے ناکارہ بنا دیا گیا۔
آپریشن کے دوران ایک اہلکار شہید اور چار زخمی ہوئے جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے سیکیورٹی فورسز کو کامیاب آپریشن پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا، شہید اہلکار نے اپنی زندگی دے کر کئی جانیں بچالیں۔