اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملک کے مختلف شہروں میں کشمیر یوں سے اظہار یکجہتی ریلیاں نکالی گئیں، ہندو کمیونٹی بھی مظلوم کشمیریوں کی حمایت میں میدان میں آگئی۔ شرکا نے مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قرار دادوں اور کشمیریوں کی مرضی کے مطابق حل کرنے کا مطالبہ کر دیا۔
کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف پوری قوم کشمیریوں کی آواز بن گئی۔ ملک کے مختلف شہروں میں نکالی گئی ریلیوں میں بھارت کیخلاف احتجاج کیا گیا۔ آزاد کشمیرکے علاقے چڑہوئی میں خواتین نے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلی نکالی، وادی میں جاری کرفیو کے خلاف قرار داد بھی پیش کی گئی، ریلی میں طالبات کی بڑی تعداد بھی شریک ہوئی۔
مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے میرپور آزاد کشمیر کی خواتین سڑکوں پر آگئیں، خواتین ایکشن کمیٹی کے زیر اہتمام یکجہتی ریلی نکالی گئی، خواتین کشمیر کی آزادی کے حق میں نعرے بازی کرتی رہیں۔ کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ہندوبرادری کی جانب سے ڈیرہ بگٹی کے علاقے سوئی میں ریلی نکالی گئی۔ شرکا نے بھارت کی جانب سے کشمیریوں پر مظالم کی شدید مذمت کی، فضا کشمیر بنے گا پاکستان کے نعروں سے گونجتی رہی۔
نواب شاہ میں بھی طلبہ کی بڑی تعداد نے کشمیریوں سے یکجہتی کیلئے ریلی نکالی، طلبہ بھارت ظلم و ستم کیخلاف نعرے لگاتے رہے۔