کراچی: (ویب ڈیسک)قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ سری لنکا کے خلاف سیریز میں شائقین کرکٹ میچز سے بھرپور لطف اندوز ہوں گے، ون ڈے سیریز میں اچھا کھیل پیش کرنے کی ضرورت ہے۔ ورلڈ کرکٹ کے لیے پاکستان بہت ضروری ہے۔
شہر قائد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کرکٹ بحالی میں کرکٹ بورڈ کا اہم کردار ہے، میں نے مصباح الحق کے ساتھ بات کی ہے، جس میں ٹیم میں کس نمبر پر کھیلنا ہے انہوں نے مجھے بتا دیا ہے میں ان کے اعتماد پر پورا اتروں گا۔
ایک سوال کے جواب میں قومی کپتان کا کہنا تھا کہ ہم نے مشکل وقت میں بہت سارے ممالک کا سپورٹ کیا، سری لنکا کا شکریہ ادا کرتے ہیں، اس سے پہلے بھی اور بھی ممالک کے لوگ آئے ہیں، جو اپنے ملک میں جا کر بول رہے ہیں، جس کی مثال ٹم پین ہے جو آج کل کینگروز ٹیم کے کپتان ہیں۔ ہمیں انٹرنیشنل کرکٹ کے لیے عالمی کھلاڑیوں کی مدد کی ضرورت ہے۔
سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے قومی ٹیم پر ٹی ٹونٹی پر تنقید کرنا ہمارا لیے کوئی معنی نہیں رکھتا، اعداد و شمار سب کچھ واضح کر رہے ہیں، ان باتوں پر توجہ نہیں دینا چاہیے۔ ورلڈ کرکٹ کے لیے پاکستان بہت ضروری ہے۔
بابر اعظم کے سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ وہ بہترین بیٹسمین ہیں، وہ دو سے تین سال میں دنیا کے بہترین کھلاڑیوں میں شامل ہونگے، کین ولیمسن، کوہلی کے لیول کے بھی پلیئر بن جائیں گے۔
ایک اور سوال کے جواب میں کپتان کا کہنا تھا کہ امام الحق جذباتی ہیں، سوال کے جواب میں لفظوں کا استعمال نہیں کر پائے، میرے نزدیک چھوٹا ہے، بچہ ہے، میں ان کی باتوں پر غصہ نہیں کرتا، قائداعظم ٹرافی کے دوران ان کے کمنٹس کو بھول چکا ہوں۔
مصباح الحق کے بارے میں سوال کے جواب میں سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ کے اعتماد پر پورا اتروں گا۔ مکی آرتھر کے کمنٹس پر بات نہیں کروں گا، مصباح الحق کے اپنا ویژن ہے، وہ ٹیم اپنے طریقے سے چلائیں گے، فخر زمان سمیت دیگر کھلاڑیوں کو یہی کہا ہے کہ اپنا نیچرل کھیلیں۔ مصباح بھائی عابد علی، فخر زمان سب کھلاڑیوں کو سپورٹ کر رہے ہیں۔ کسی کو نظر انداز نہیں کر رہے۔ سب کھلاڑیوں کو بھرپور موقع دیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ کپتانی میں نئی چیزیں سیکھنے کو ملتی ہیں، میں مصباح الحق کی کپتانی میں کھیلا ہوں، اب وہ کوچ ہے، وہ مجھے سپورٹ کر رہے ہیں میری کپتانی میں نکھار آئے گا۔ قومی ٹیم میں بہترین کھلاڑی آئے ہیں۔
کپتان کا کہنا تھا کہ انضمام الحق بہت زیادہ مدد کرتے تھے، مکی آرتھر کے بارے میں کہنا چاہتا ہوں کہ ہم تین لوگ ایک ہی لائن پر کھیلتے ہیں، چیف سلیکٹر، کوچ اور کپتان ایک ہی پیج پر تھے، اب میں کہہ سکتا ہوں کہ مصباح الحق اور میں ایک ہی پوزیشن پر آئے ہیں۔
سرفراز احمد کا مزید کہنا تھا کہ ٹیسٹ کرکٹ میں ہمیں فاسٹ باؤلرز کی شدید ضرورت ہے، ان کی کمی کے بارے میں مصباح الحق کے بیان سے اتفاق کرتا ہوں، وائٹ گیند کے باؤلرز موجود ہیں، ریڈ بال کرکٹ کے کھلاڑی جلد سامنے ائیں گے، ہم پر امید ہیں یہ کھلاڑی قائداعظم ٹرافی کھیل رہے ہیں۔
آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ تیاریاں مکمل ہیں۔ سیریز کے دوران نتائج اچھے دینے کی کوشش کریں گے ۔
اس موقع پر سری لنکن ٹیم کے کپتان لہیروتھریما نے کہا ہے کہ پاکستان نے ہمیں بہترین سیکیورٹی فراہم کی، ہم سب کو مل کر مکمل سپورٹ دینا چاہیے تاکہ پاکستان میں کرکٹ کی واپسی ہو۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سری لنکن کرکٹ ٹیم کےکپتان لہیروتھریماکا کہنا تھا کہ ورلڈکپ میں اچھی کرکٹ کھیلی، یہ سیریز ہمارے لیے کسی چیلیج سے کم نہیں اس لیے اچھا کھیل پیش کرنے کی کوشش کریں گے۔
اُن کا کہنا تھا کہ جو نئے کھلاڑی آرہے ہیں اُن کے لیے یہ سیریز نادر موقع ہے، ہمارے اسکواڈ میں نئے کھلاڑیوں کی تعداد زیادہ ہے۔ سری لنکن کپتان نے اپیل کی کہ ہمیں پوری سپورٹ دینی چاہیےتاکہ پاکستان میں کرکٹ کی واپسی ہو، پاکستان نےہمیں بہترین سیکیورٹی فراہم کی، ہم پاکستان میں کرکٹ کی بحالی کیلئےتعاون جاری رکھیں گے۔