پاک لنکا سیریز: قومی نوجوان کھلاڑی پہلی بار ملک میں کرکٹ کھیلنے پر خوشی سے نازاں

Last Updated On 29 September,2019 03:36 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) سری لنکا کے خلاف ون ڈے سیریز میں حصہ لینے والے قومی ٹیم کے نوجوان کھلاڑی پاکستان میں پہلی بار کرکٹ کھیلنے پر خوشی سے سرشار ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان سری لنکا کے خلاف سیریز کا آغاز جمعہ کو ہو گا، اس سیریز میں پاکستان کی طرف سے 12 ایسے کھلاڑی ہیں جو پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنے کے لیے قومی ٹیم کی پہلی بار نمائندگی کریں گے۔ 50 اوورز کا ون ڈے میچ چار سال کے وقفے کے بعد کھیلا جائے گا۔ یہ میچ شہر قائد میں 3 بجے دوپہر کو شروع ہو گا۔

12 کھلاڑیوں میں عابد علی، آصف علی، فخر زمان، عماد وسیم، امام الحق، افتخار احمد، محمد عامر، محمد حسنین، محمد نواز، محمد رضوان، شاداب خان اور عثمان شنواری شامل ہیں۔

 

ون ڈے کرکٹ میں 45.70 کی ایوریج 1828 رنز بنانے والے اوپنر بیٹسمین فخر زمان کا کہنا ہے کہ یہ بہت افسوس کی بات ہے کہ ہم اپنے ’’ہوم‘‘ میچ بیرون ملک کھیلتے ہیں، ہمارے لیے یہ بہت فخر کی بات ہے کہ اپنے ملک میں اپنے شائقین کے سامنے پہلی بار انٹرنیشنل سطح پر کرکٹ کھیلیں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم بہت خوش قسمت ہیں کہ ہمیں اپنے ہی ملک میں پہلی بار کرکٹ کھیلنے کا موقع ملا۔ سیریز کے آغاز سے قبل ہر کھلاڑی پر جوش ہے۔ ون ڈے کرکٹ میں تیز ترین سنچری بنانے کی کوشش کروں گا۔

قومی ٹیم کی طرف سے 41 میچ کھیلنے، 57 وکٹیں لینے اور 337 رنز بنانے والے آل راؤنڈر شاداب خان کا کہنا تھا کہ سری لنکا کے خلاف پچاس اوورز کی ون ڈے سیریز میری اپنے ملک میں پہلی سیریز ہے جو میں کھیل رہا ہوں۔ میں پر امید ہوں جلد انٹرنینشل کرکٹ کی ٹیمیں پاکستان میں کھیلنے کے لیے آئینگی۔

ان کا کہنا تھا کہ ویسٹ انڈیز کیخلاف میچ میں نیشنل سٹیڈیم کراچی میں بہترین کراؤڈ تھا، امید ہے سری لنکا کیخلاف سیریز کیلئے بھی انکلوژرز بھرے ہونگے۔ ہر کھلاڑی اپنے ملک میں کرکٹ کی بحالی پر بہت زیادہ خوش ہے۔

2018ء میں ایشیا کپ میں اپنا آخری میچ کھیلنے والے آل راؤنڈر محمد نواز کا کہنا تھا کہ میں سب سے پہلے خوش ہوں کہ ون ڈے کرکٹ میں میری واپسی ہوئی ہے، شہر قائد میں اپنے شائقین کے سامنے کھیلنے پر بھی بہت خوش ہوں، میں دنیا بھر میں مختلف لیگز کھیل چکا ہوں لیکن پاکستانی شائقین کا کوئی ثانی نہیں ہے۔

قومی ٹیم کی طرف سے 32 ون ڈے کھیلنے، آسٹریلیا کے خلاف دو سنچری بنانے اور آخری دس میچوں میں تین نصف سنچریاں بنانے والے قومی ٹیم کے دوسرے وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان کا کہنا تھا کہ سیریز کے لیے ہماری تیاریاں مکمل ہیں۔ قومی کھلاڑی 27 ستمبر کا انتظار کر رہے ہیں۔ ہم اپنے ملک میں شائقین کے سامنے کرکٹ کھیلنے کو بیتاب اور خوشی سے سرشار ہیں۔