سری لنکا کیساتھ سیریز: مہمان کنسلٹنٹ کا سکیورٹی انتظامات پر اظہار اطمینان

Last Updated On 23 September,2019 05:26 pm

لاہور: (دنیا نیوز) سری لنکا ٹیم کے سکیورٹی کنسلٹنٹ کوماڈو کانشا نے نیشنل سٹیڈیم کا دورہ کیا اور سکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا، کراچی میں ایمرجنسی ہسپتال قائم کر دیا گیا جبکہ قذافی سٹیڈیم لاہور میں 500 روپے اور1500 روپے والی ٹکٹیں نایاب ہو گئی ہیں۔

دنیا نیوز کے مطابق سری لنکا کیساتھ کرکٹ سیریز کے لیے چند روز رہ گئے ہیں، اب مہمان وفد کے سکیورٹی کنلسٹنٹ کوماڈو کانشا نے پاکستان میں سکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے جس کے بعد ایک دو روز میں لنکن ٹائیگر کی ٹیم سیریز کے لیے پاکستان پہنچ جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: سری لنکا کے دورہ پاکستان پر خدشات کے بادل نہ چھٹ سکے

یاد رہے کہ چند روز قبل لنکن حکومت کا کہنا تھا کہ ہمیں اطلاعات ملی ہیں کہ دورے کے دوران ٹیم پر حملہ ہو سکتا ہے۔ اسی لیے حکام نے سکیورٹی حالات کا دوبارہ جائزہ لینا شروع کر دیا تھا۔

اب سری لنکن سکیورٹی کنسلٹنٹ نے کراچی میں سٹیڈیم کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا، جائزہ لینے کے دوران مہمان وفد نے پاکستان میں سکیورٹی کو اطمینان بخش قرار دیا، پی سی بی کے نمائندے نے سری لنکن سکیورٹی کنسلٹنٹ کو انتظامات کا جائزہ کرایا۔

یہ بھی پڑھیں: دورہ پاکستان: سینئر کے انکار کے بعد سری لنکن ون ڈے، ٹی ٹونٹی سکواڈ کا اعلان

یاد رہے کہ چند روز قبل سری لنکا کی سکیورٹی حکام کا کہنا تھا کہ ہمیں ’’انجانی دھمکی‘‘ ملی ہے، جس کے بعد سکیورٹی کو ریویو کرنے کا اعلان کیا گیا تھا، حکام کا کہنا تھا کہ ہمیں پہلے ہی کھلاڑیوں کے اہل خانہ کی طرف سے کافی دباؤ کا سامنا ہے، حملے سے متعلق نئی اطلاعات نے ہمیں بھی خوف میں مبتلا کر دیا ہے اسی لیے سکیورٹی دوبارہ جانچنے کیلئے حکومت سے معاونت مانگی تھی۔

سری لنکن بورڈ کا کہنا تھا کہ معاملات کا انتہائی ذمہ داری کے ساتھ جائزہ لے رہے ہیں، وزیر اعظم آفس کو اطلاع ملی ہے کہ پاکستان میں سکیورٹی خدشات ہوسکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پاک سری لنکا سریز: قومی ٹیم کا اعلان، حسن علی آؤٹ، عثمان شنواری کی واپسی

واضح رہے کہ سری لنکن ٹیم 3 ون ڈے اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کھیلے گی۔ ون ڈے میچز27 ، 29 ستمبر اور2 اکتوبر کو کراچی جبکہ ٹی 20 سیریز کے تینوں میچز 5، 7 اور 9 اکتوبر کو لاہور میں ہوگی۔

اُدھر پاکستان کرکٹ بورڈ نے سری لنکا ون ڈے سیریز کے لیے نیشنل سٹیڈیم کراچی میں پہلی دفعہ کھلاڑیوں کے لیے ریموٹ ہسپتال قائم کر دیا ہے، کسی بھی ایمرجنسی سے نمٹنے کے لیے ڈریسنگ رومز کے ساتھ فور بیڈ ہسپتال قائم کیا گیا میچ کے دوران ہسپتال میں پانچ ڈاکٹرز موجود رہیں گے۔ نیشنل سٹیڈیم کی اکیڈیمی میں بھی عارضی ہسپتال قائم کیا جارہا جہاں دیگر ایمرجنسی کیسز ٹریٹ کیے جائیں گے۔

دوسری طرف پاک سری لنکا ٹاکرا کیلئے قذافی سٹیڈیم میں کرکٹ میلہ سجنے کو تیار ہے، کرکٹ کے شائقین کانٹے کے مقابلے دیکھنے کو بے قرار ہیں۔ اس سلسلے میں ٹکٹوں کی دھڑا دھڑ فروخت جاری ہے۔ کرکٹ شائقین لمبی قطاروں میں لگ کر ٹکٹوں کی خریداری کر رہے ہیں۔

ٹی سی ایس سنٹر پر 500 اور 1500 روپے والی ٹکٹیں نایاب ہو گئی ہیں۔ 3 ہزار اور 5 ہزار والی ٹکٹیں دستیاب ہیں تاہم شائقین کرکٹ پر جوش ہیں۔ ان کا کہنا ہے ہم پاکستان کے ساتھ ساتھ سری لنکن ٹیم کو بھی سپورٹ کریں گے۔