سری لنکا کے دورہ پاکستان پر خدشات کے بادل نہ چھٹ سکے

Last Updated On 13 September,2019 12:58 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) سری لنکا کے دورہ پاکستان پر خدشات کے بادل نہ چھٹ سکے۔ لنکن بورڈ کا کہنا ہے کہ دورہ کے حوالے سے وارننگ موصول ہوئی ہیں۔

کرکٹ کی سب سے بڑی ویب سائٹ کے مطابق رواں ماہ سری لنکا کی ٹیم نے پاکستان ون ڈے اور ٹی ٹونٹی میچز کھیلنے کے لیے آنا ہے۔ تاحال خدشات کے بادل نہیں چھٹ پا رہے، لنکن حکومت کا کہنا ہے کہ ہمیں اطلاعات ملی ہیں کہ دورے کے دوران ٹیم پر حملہ ہو سکتا ہے۔

دورے میں صرف دو ہفتے ہی بچے ہیں، تاہم سکیورٹی خدشات نے ایک مرتبہ پھر ڈیرے ڈال لیے ہیں، سری لنکن حکام نے سکیورٹی حالات کا دوبارہ جائزہ لینا شروع کر دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: دورہ پاکستان: سینئر کے انکار کے بعد سری لنکن ون ڈے، ٹی ٹونٹی سکواڈ کا اعلان

سکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ اس اطلاعات کے بعد معاملات کا باریک بینی سے جائزہ لے رہے ہیں۔ ہمیں پہلے ہی کھلاڑیوں کے اہلخانہ کی طرف سے کافی دباؤ کا سامنا ہے، حملے سے متعلق نئی اطلاعات نہیں ہمیں بھی خوف میں مبتلا کر دیا ہے۔ اسی لیے سکیورٹی دوبارہ جانچنے کیلئے اپنی حکومت سے معاونت مانگ لی ہے۔

سری لنکن بورڈ کو حکومت کی جانب سے تازہ بریفنگ دی جائے گی۔ معاملات کا انتہائی ذمہ داری کے ساتھ جائزہ لے گا۔ سری لنکن کرکٹ بورڈ کے اعلان کے مطابق بورڈ کو سری لنکن وزیر اعظم کے آفس کی جانب سے دورہ کے حوالے سے وارننگ موصول ہوئی ہے۔ وزیر اعظم آفس کو اطلاع ملی ہے کہ پاکستان میں سکیورٹی خدشات ہوسکتے ہیں۔

دوسری طرف پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ردعمل میں کہا ہے کہ ہماری نظر میں سری لنکن کرکٹ کا بیان سامنے آیا ہے، لنکن کرکٹ ٹیم کی طرف سے انٹیلی جنس رپورٹ کا تبادلہ نہیں کیا گیا، مہمان ٹیم کی مکمل حفاظت اور سکیورٹی کے عزم کو ایک مرتبہ پھر دہراتے ہیں اور سری لنکا کرکٹ کے ساتھ تعاون جاری رکھیں گے۔

یاد رہے کہ سری لنکن ٹیم 3 ون ڈے اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کھیلے گی۔ ون ڈے میچز27 ، 29 ستمبر اور2 اکتوبر کو کراچی جبکہ ٹی 20 سیریز کے تینوں میچز 5، 7 اور 9 اکتوبر کو لاہور میں ہوگی۔