اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان 19 ستمبر کو دوروزہ دورے پر سعودی عرب جائینگے، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، مشیر خزانہ حفیظ شیخ اور مشیر برائے تجارت رزاق داؤد بھی ہمرا ہونگے۔
سفارتی ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان دورہ سعودی عرب سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی دعوت پر کر رہے ہیں، وزیراعظم عمران خان سعودی عرب سے ہی اقوام متحدہ کے اجلاس میں شرکت کے لئے امریکہ روانہ ہونگے۔
ادھر وزیراعظم عمران خان کے دورہ امریکا کا شیڈول طے کر لیا گیا، ان کی دورہ امریکا کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ سے دو ملاقاتیں ہونگی۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی ٹرمپ سے ایک ملاقات ظہرانے پر جبکہ دوسری ہائی ٹی پر ہوگی۔
وزیراعظم 27 ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان 21 ستمبر کو نیویارک پہنچیں گے، جنرل اسمبلی اجلاس کے دوران وزیراعظم اہم ممالک کے سربراہوں سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔