اسلام آباد: (دنیا نیوز) خورشید شاہ نے کہا ہے کہ صدر نے الیکشن کمیشن ارکان کی تقرری پر آئین کی خلاف ورزی کی، حکومت جان بوجھ کر مسائل سے توجہ ہٹانے کیلئے آرٹیکل 149 کی بات کر رہی ہیں، اس سے تباہی ہوگی، سندھ کے لوگ باہر آجائیں گے، عدالت اس معاملے پر سو موٹو لے۔
پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما خورشید شاہ نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا وفاق ایک گلدستہ ہے مگر گلدستے کو تباہ کون کر رہا ہے ؟ ہم پارلیمنٹ کو نہیں توڑنا چاہتے، ہمارا لیڈر کہتا ہے کسی ایسی تحریک میں نہیں جاؤں گا جو پارلیمنٹ کو توڑے۔
خورشید شاہ نے کہا لیاقت علی خان نے سندھ اسمبلی میں پاکستان کا جھنڈا لہرایا، ہم سندھ والے مغرور ہیں کہ پاکستان ہم نے بنایا، آج ایک خطرناک بحث چھیڑ دی گئی ہے، کراچی میں پنجابی، سندھی، بلوچی، پٹھان سب بستے ہیں۔