سکھر: (دنیا نیوز) نیب کی جانب سے پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سید خورشید احمد شاہ کے خلاف باضابطہ طور پر تحقیقات کا معاملہ، نیب سکھر نے نیب آفس طلب کرنے کی اجازت مانگی لی، چیئرمین نیب سے اجازت ملنے کے بعد انہیں نیب سکھر آفس طلب کیا جائے گا۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سید خورشید احمد شاہ کے خلاف نیب نے باضابطہ طور پر تحقیقات کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔ نیب نے 27 اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو سید خورشید احمد شاہ اور ان کے اہلخانہ کے نام جائیداد کی تفصیلات طلب کر لی ہیں۔
ذرائع کے مطابق اب تک دو اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز نے نیب کو ریکارڈ جمع کرا دیا ہے جبکہ جن اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز نے ریکارڈ جمع نہیں کرایا انہیں یاد دہانی کے نوٹسز ارسال کیے جائیں گے۔
سکھر، اسلام آباد، لاہور اور راولپنڈی کے کمشنرز کو بھی خورشید شاہ کی جائیداد کی تفصیلات جمع کرانے کے اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ کے تحت خطوط جاری کیے گئے ہیں۔
جاری کردہ لیٹرز میں خورشید شاہ سمیت ان کی دونوں اہلیہ، بیٹے، بیٹیوں اور بھیتجوں کی جائیداد کی مکمل تفصیلات طلب کر لی گئی ہیں۔ نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ خورشید شاہ کے خلاف نیب وارنٹ جاری نہیں کیے گئے ہیں۔