خورشید شاہ نے پی ٹی ایم سے پوچھے گئے سوالات کی تائید کردی

Last Updated On 05 May,2019 07:45 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) پیپلز پارٹی کے رہنما سید خورشید شاہ نے پشتون تحفظ موومنٹ (پی ٹی ایم) سے ڈی جی آئی ایس پی آر کے سوالات اور آرمی چیف کے بیان پر بات کرتے ہوئے اس کی تائید کر دی ہے۔

سید خورشید شاہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کچھ لوگ 71ء جیسے حالات پیدا کرنا چاہتے ہیں تو ان سے سوالات ہونے چاہیں۔ ڈائیلاگ ہوں تاکہ 1971ء جیسے حالات نہ بنیں۔

پیپلز پارٹی رہنما کا کہنا تھا کہ اچھی بات ہے کہ آرمی چیف نے اس پر خود بات کی ہے۔ انہوں نے پی ٹی ایم کے بارے میں جو کہا، اس کو اس صورت دیکھنا چاہیے۔ چند لوگ ہیں جن پہ بات ہو سکتی ہے کہ وہ کیا ہیں؟

انہوں نے کہا کہ میں کہتا ہوں کہ معاشرے، سسٹم اور کسی ادارے میں سوال ہوتا ہے تو ہونے دیں۔ سوال ہونے دیں پھر اس کا جواب آنا چاہیے، پھر ڈائیلاگ ہوں۔

خورشید شاہ نے کہا کہ آج وہ حالات ہیں کہ ڈائیلاگ ہو سکتا ہے، کل یہ نہیں ہو گا۔ مشرقی پاکستان میں ایک وقت تھا کہ ڈائیلاگ ہو سکتا تھا۔ پاکستان ہم سب کا، فوج بھی ہمارے ملک کی حفاظت کے لیے ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ فوج کا بھی یہ ہی مقصد ہے کہ ملک میں امن وامان رہے۔ سوال ہونے دیں اور ڈائیلاگ کریں ہر چیز ختم ہو جائے گی۔
 

Advertisement