سکھر: (دنیا نیوز) خورشید شاہ نے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ سندھ کو حکمرانوں کے شر سے بچائے، پی ٹی آئی سرکار مشرف کی شیڈو حکومت ہے، عمران خان کی تبدیلی میں ایک روپے کی چیز پانچ کی ہوگئی۔
پیپلزپارٹی کے رہنما خورشید شاہ کا کہنا تھا کوشش کرنی چاہیے کہ ملک میں حقیقی جمہوریت آئے، ہر بار کوشش کی کہ پارلیمانی نظام چلتا رہے، آج مہنگائی کا سونامی ہے، پٹرول اور تیل کی قیمت بڑھ گئی۔ انہوں نے کہا ڈالر کی قیمت بڑھنے پر تحقیقات ہونی چاہئیں، راتوں رات ڈالر کی قیمت بڑھنے سے کسے فائدہ ہوا، یہ کہتے ہیں 10 سال میں یہ ہوا وہ ہوا، یہ نہیں کہتے 10 سال آمر رہا، قوم کو اور کتنے کڑوے گھونٹ پلاؤ گے؟۔
خورشید شاہ نے مزید کہا سندھ صوفیا کی سر زمین ہے، اللہ پاک سندھ کو عمران خان کے شر سے بچائے، عمران خان ایک دن بھی جیل میں نہیں رہ سکتے، وہ خود اس بات کا اعتراف کرچکے، وزیر اعظم کہتے ہیں پیسے نہیں ہیں تو وہ سندھ کیلئے کون سے منصوبے کا اعلان کرینگے۔ انہوں نے کہا پرویز مشرف کبھی وطن واپس نہیں آئیں گے، یہ مشرف کے لوگ ہیں، روپ بدل کر آئے ہیں، ملک نعروں سے نہیں چلے گا عملی طور پر کام کرنا ہوگا، مشرف کی کابینہ کو موجودہ حکومت کا حصہ بنایا گیا۔
پی پی رہنما نے کہا کہ ہمارے دور میں کہا جاتا رہا پٹرول پر ٹیکس لگایا جا رہا ہے، ہم اب بھی حکومت کے ساتھ چلنے کو تیار ہیں، عمران خان کنٹینر والی سیاست کر رہے ہیں، تبدیلی کے باعث بی آر ٹی منصوبہ 40 ارب سے 110 ارب کا ہوگیا، عمران خان کے سونامی کا مطلب تباہی ہے۔