سکھر: (دنیا نیوز) خورشید شاہ نے کہا ہے کہ نواز شریف کو کچھ ہوا تو حکومت بچ نہیں سکے گی، نوازشریف علاج کے لیے سندھ آئیں اور صحتیاب ہو کر جائیں تو خوشی ہوگی۔
سکھر میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خورشید شاہ کا کہنا تھا ان کی ضمانت کی درخواست میرٹ اور صحت کے حوالے سے تھی تاہم عدالت کا فیصلہ ہے سب کو احترام کرنا چاہیے، لیکن لگتا ہے فیصلے کے خلاف اپیل کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اگر نواز شریف علاج کرانے این آئی سی وی ڈی میں آئیں اور صحت یاب ہوجائیں تو خوشی ہوگی، تاہم ان کی مرضی ہے کہ وہ کہاں سے علاج کراتے ہیں۔
خورشید شاہ نے مزید کہا کہ حکومت بتائے ان کے کن لوگوں کا احتساب ہو رہا ہے، ان کے وزیر کو تو بلٹ پروف گاڑی میں لے جایا گیا مگر آغا سراج درانی کو بکتر بند گاڑی میں زبردستی بٹھا کر لے جایا گیا۔ انہوں نے کہا حکومت کہتی ہے کہ اپوزیشن کو اس لیے نہ بلایا گیا کہ ان پر احتساب کے کیسز ہیں تو پھر سب سے بڑا احتساب کا سب سے بڑا کیس وزیر اعظم عمران خان پر تھا ان کے پاس ہر شخص کے لیے الگ الگ قانون ہے۔