اسلام آباد: (دنیا نیوز) پیپلزپارٹی چیئرمین پی اے سی شہباز شریف کی حمایت میں ڈٹ گئی، خورشید شاہ نے شہباز شریف کو ہٹانے کی صورت میں قومی اسمبلی کو جام کرنے کی وارننگ دیدی۔
پیپلزپارٹی کے اہم رہنما خورشید شاہ نے کہا ہے کہ کوئی شہباز شریف کیخلاف عدم اعتماد کی تحریک لاکر تو دکھائے، ماضی میں پی ٹی آئی ارکان ایوان میں رقص کرتے اور ٹیبل پر کھڑے ہو جاتے تھے، حکومت نے ڈگر نہ بدلی تو اپوزیشن کو بھی ایسا ہی کرنا پڑے گا، اسمبلی کو بے توقیر طریقے سے چلانے نہیں دیں گے۔
سابق اپوزیشن لیڈر کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان اسمبلی میں بھی کنٹینر کی سیاست کر رہے ہیں، حکومت ڈلیور کرنے میں ناکام رہی، عوام کو لڑائیوں میں الجھانا چاہتی ہے، عمران خان کی آئی ایم ایف چیف سے ملاقات پاکستان کی تذلیل ہے، کشکول توڑنے اور خود کشی کا اعلان کرنے والا خود آئی ایم ایف کے سامنے پیش ہوا۔