لاہور: (دنیا نیوز) پیپلزپارٹی کے رہنما خورشید شاہ نے کہا ہے کہ سندھ میں گورنر راج لگانا ممکن نہیں، آئین کو چھیڑا گیا تو پاکستان کی سالمیت کو خطرہ لاحق ہو گا۔ خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو کی گرفتاری خطرناک کھیل ہوگا۔
پیپلزپارٹی کے رہنما خورشید شاہ وفاقی حکومت پر برہم، بولے بلاول بھٹو کی گرفتاری کے لیے دل اور گردہ چاہیے، ان کی گرفتاری خطرناک کھیل ہو گا اور ملک افراتفری کا شکار ہوجائے گا۔ بلاول کو گرفتار کرنا ممکن نہیں لیکن تحریک انصاف کی حکومت سے کچھ بعید بھی نہیں۔
خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ سندھ میں گورنر راج لگانا ممکن نہیں۔ آئین اور قانون میں کوئی گنجائش نہیں، مارشل لا کے ذریعے آئین ختم کر کے گورنر راج لگایا جا سکتا ہے، گورنر راج کا نفاذ ملک کے لیے بہتر نہیں ہو گا۔ آئین کو چھیڑنا خطرنا ک ہوگا۔
رہنما پیپلز پارٹی نے کہا کہ سندھ میں ان ہاوس تبدیلی کی ضرورت نہیں، مفروضوں پر کیسز بنائے گئے۔ نظر آتا ہے جیسے سویلین مارشل لا لگانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ خورشید شاہ نے واضح کیا کہ عمران خان ملک میں بحران اور غیر یقنی صورتحال پیدا کر رہے ہیں، عمران خان نے سیاستدانوں کی گرفتاری کے علاوہ کچھ نہیں کیا۔ سیاستدانوں سے جیلیں بھرنا پاکستان کے لیے اچھا نہیں ہے۔