سکھر: (دنیا نیوز) پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما خورشید شاہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کو ہر صورت علیمہ خان کی جائیدادوں کی وضاحت دینا ہوگی، حکومت نے قرض لینے کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے۔ سیاست گالم گلوچ نہیں، خدمت کا نام ہے۔
خورشید شاہ نے سکھر میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کوبس ایک ہی فکر ہےقرضے کیسے لیےجائیں۔پہلے یہ کہتے تھے قرض نہیں لیں گے، خودکشی کرلیں گے ۔5 ماہ گزر گئےمگروزیراعظم پارلیمنٹ میں نہیں آئے۔عمران خان نےکہاتھاکہ ہربدھ کو آکرپارلیمنٹ میں جواب دوں گامگر ایسا نہ ہو سکا۔
رہنما پیپلز پارٹی نے کہا کہ پہلے بجلی،گیس اور پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کردیاگیا پھر ادویات کی قیمتںے بڑھا دیں لیکن حکومت پوچھنےکوتیارنہیں،سیاست خدمت کا نام ہے، گالم گلوچ نہیں۔ پیپلزپارٹی چار آمروں سے مقابلہ کرکے یہاں پہنچی۔ ہم نے جیئے بھٹو کیساتھ جیئے عوام کا بھی نعرہ لگایا۔ وزیراعظم عمران خان کو اپنی بہن علیمہ خان کی جائیدادوں کی ہر صورت وضاحت دینا ہوگی۔
خورشیدشاہ کا مزید کہنا تھا کہ تحریک انصاف حکومت کے ایسےمینڈیٹ کےباوجودہم نےدعوت دی آئیں کام کریں، انھوں نے نوجوانوں کو دھوکا دیا گیا کہ روزگار دیں گے،گھروں اور نوکریوں کا کہا لیکن کیا کچھ نہیں۔ اس کے برعکس ہم نے جو 2008 میں وعدے کیے وہ پورے کیے۔