لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت معیشت کی تباہی کا رونا روتی ہے لیکن سب سے زیادہ تباہی اور مہنگائی اسی دور میں ہوئی۔
لاہور میں سابق سپیکر قومی اسمبلی اور مسلم لیگ ن کے رہنما سردار ایاز صادق کے سسر کے انتقال پر اظہار تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ 2008ء میں پاکستان پیپلز پارٹی جب برسرِ اقتدار آئی تو دہشت گردی سمیت بہت سارے چیلنجز درپیش تھے۔ پیپلز پارٹی کی حکومت نے تمام چیلنجز قبول کئے۔
خورشید شاہ نے کہا کہ اسی دور حکومت میں زراعت کے شعبے میں انقلابی اقدامات اٹھائے گئے۔ 2010ء سے 2018ء تک وفاق اور صوبے اپنی روانی اور تسلسل کے ساتھ چل رہے تھے لیکن 2018ء میں آنے والی پی ٹی آئی حکومت نے معیشت کو تباہ کر دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ آج ڈالر کی قیمت، پٹرول اور اشیائے خورونوش کی قیمتیں بڑھ گئیں ہیں جس سے غربت میں اضافہ ہوا ہے۔