عمران حکومت نے 70سالہ تاریخ میں سب سے بڑا قرض لیا: خورشید شاہ

Last Updated On 30 April,2019 04:07 pm

بریکنگ :- اسلام آباد: (دنیا نیوز) پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما خورشید شاہ نے کہا ہے کہ حکومت آئی ایم ایف اور چین کیساتھ بات چیت کے بارے میں پارلیمنٹ کو آگاہ کرے، آج جن شرائط پر ہم قرض لینے جا رہے ہیں وہ افورڈ ایبل نہیں، عمران خان کی حکومت نے 70 سالہ تاریخ میں سب سے بڑا قرض لیا۔

اسلام آباد میں میٹ دی پریس سے خطاب کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ عوام کوموجودہ حکومت سے بہت سی امیدیں وابستہ تھیں، غریب کو گھر اور روزگار دینے کے سہانے خواب دکھائے گئے لیکن حکمران اقتدار میں آتے ہی تمام دعوے اور وعدے بھول جاتے ہیں۔ ملک کوبھوک وافلاس میں جھونکا جا رہا ہے، سال 2013 میں ملکی معیشت 5.8 فیصد تھی، آج گروتھ 2.8 رہ گئی۔

رہنما پیپلزپارٹی نے کہا کہ موجودہ حکومت نے کشکول توڑنے اور قرض نہ لینے کا دعویٰ کیا تھا اب حکومت کہتی ہے قرض لیں گے، مجبوری ہے۔ آپ کوووٹ عوام کی چیخیں نکالنے کیلئے نہیں دیا تھا۔ عمران خان نے 70 سالہ تاریخ میں سب سے زیادہ قرض لیا۔
 

Advertisement